حسن جمیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تری جدائی نے یہ کیا بنا دیا ہے مجھے (غزل)
تری جدائی نے یہ کیا بنا دیا ہے مجھے
میں ایک جسم تھا سایہ بنا دیا ہے مجھے
سمندروں سے کوئی کم نہ تھی مری اوقات
بس ایک درد نے صحرا بنا دیا ہے مجھے
پرانے لوگ سمجھتے تھے کچھ نیا ہوں میں
نئے دنوں نے پرانا بنا دیا ہے مجھے
جو اس سے رشتہ تھا سب کو بتائے جاتا ہے
گئے دنوں کا حوالہ بنا دیا ہے مجھے
حسن جمیلؔ ان آنکھوں کی کیا کروں تعریف
خدا کو ماننے والا بنا دیا ہے مجھے
دشت میں پھول کھلا رکھا ہے (غزل)
دشت میں پھول کھلا رکھا ہے
ہم نے دل دل سے ملا رکھا ہے
تیری خاطر تجھے معلوم کہاں
ہم نے کس کس کو بھلا رکھا ہے
بس ترا ذکر نئی فکر کے ساتھ
ہجر میں اور تو کیا رکھا ہے
کیا خبر آج ہی کر ڈالیں ہم
کام جو کل پہ اٹھا رکھا ہے
اس نے رکھا ہے سکوں نیکی میں
اور گناہوں میں مزا رکھا ہے
آئینہ دیکھ رہے ہو یا پھر
خود کو تصویر بنا رکھا ہے
بیر اس کو ہی چراغوں سے ہوا
نام جس نے بھی ہوا رکھا ہے
فقط اپنی نہ رہی فکر جمیلؔ
ہم نے تیرا بھی پتا رکھا ہے