پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن جعفری کی غزلیں — Hasan Jafari Ghazals

حسن جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہزار کوشش کا ہے نتیجہ کہ بے بسی کو سمجھ گیا ہوں (غزل)

ہزار کوشش کا ہے نتیجہ کہ بے بسی کو سمجھ گیا ہوں

میں خود کو برباد کر رہا ہوں تری خوشی کو سمجھ گیا ہوں

مری نظر کے مشاہدے میں عوام کی سرفروشیاں ہیں

میں قیصران جہاں کے اسباب قیصری کو سمجھ گیا ہوں

عمل سے محروم یہ تقاضے فقط نظریے فقط ارادے

یہ زندگی زندگی نہیں ہے میں زندگی کو سمجھ گیا ہوں

اے میرے معبودیت کے دعوے پہ لاکھ فتوے لگانے والو

میرا کوئی جرم ہے تو یہ ہے میں بندگی کو سمجھ گیا ہوں

رفاقت حور کی ہوس میں بتوں کی توہین کر رہا ہے

جناب واعظ میں اس خدا کے خوشامدی کو سمجھ گیا ہوں

فروغ تہذیب و ارتقا کی بلندیاں ہیں مری نظر میں

خدا کی عظمت سے منحرف ہوں میں آدمی کو سمجھ گیا ہوں

مجھے یقیں ہے نہ ہو سکے گا یہ قافلہ کامیاب منزل

میں رہبروں کے حقیقی جذبات رہبری کو سمجھ گیا ہوں

برائی کو برائی فن کو فن کہنا ہی پڑتا ہے (غزل)

برائی کو برائی فن کو فن کہنا ہی پڑتا ہے

جو حق ہے وہ سر دار و رسن کہنا ہی پڑتا ہے

کبھی پوچھی نہ اہل انجمن کی بات بھی تم نے

تمہیں اس پر بھی روح انجمن کہنا ہی پڑتا ہے

نظر آتی ہے اپنی پارسائی شیخ کو عصیاں

تری انگڑائی کو توبہ شکن کہنا ہی پڑتا ہے

شکار سرد مہرئ وطن ہوں یہ تو برحق ہے

مگر اپنے وطن کو تو وطن کہنا ہی پڑتا ہے

جنہیں اپنا کبھی کہتے تھے ہم ان کو ہی بیگانہ

بہ فیض گردش چرخ کہن کہنا ہی پڑتا ہے

سرور بادۂ ہستی کو اس دور تباہی میں

شہید تلخیٔ کام و دہن کہنا ہی پڑتا ہے

بلا سے رہبران عصر مجھ کو بے ادب سمجھیں

مجھے ہر راہزن کو راہزن کہنا ہی پڑتا ہے

کہیں سوز غم پنہاں سے زنجیریں پگھلتی ہیں

اسے دیوانوں کا دیوانہ پن کہنا ہی پڑتا ہے

خزاں کا لال ہو یا فصل گل کی گود کا پالا

چمن کو تو بہر صورت چمن کہنا ہی پڑتا ہے

اجالے ظلمتوں کی لاش پر تخلیق ہوتے ہیں

سحر کو شب کی میت کا کفن کہنا ہی پڑتا ہے

جہاں تخلیق پر پابندیاں ہوں فکر پر پہرے

اسے دار و رسن کی انجمن کہنا ہی پڑتا ہے

خفا ہیں ہوش مندان جہاں پر جوش وحشت میں

جو آ جاتا ہے لب پر اے حسنؔ کہنا ہی پڑتا ہے

مزید غزلیں از حسن جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں