حسن امام فدائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں نے گر کھولی زباں تو کیا سے کیا ہو جائے گا (غزل)
میں نے گر کھولی زباں تو کیا سے کیا ہو جائے گا
کچھ نہ کچھ اچھا نہیں تو کچھ برا ہو جائے گا
اتنا جھک کر ان سے ملنے کی ضرورت ہی نہیں
وہ تو اک انسان ہے کیا وہ خدا ہو جائے گا
دل میں ایماں کی حرارت ہے تو پھر کیا سوچنا
سطح دریا پر بھی اک دن راستہ ہو جائے گا
آمد دور خزاں سے اتنا رنجیدہ نہ ہو
سبز موسم آتے ہی پتا ہرا ہو جائے گا
میں نے اس سے مسکرا کر اس سے دل کی بات کی
کیا خبر تھی میرا محسن یوں خفا ہو جائے گا
دل کی گہرائی سے جس کو میں نے چاہا تھا کبھی
چلتے چلتے راہ میں مجھ سے جدا ہو جائے گا
قطرے کو آپ دریا کا رتبہ نہ دیجیے (غزل)
قطرے کو آپ دریا کا رتبہ نہ دیجیے
ذرے کو آفتاب کا درجہ نہ دیجیے
خوشیوں کی میں تلاش میں آیا ہوں گاؤں سے
پردیس میں غریب کو دھوکا نہ دیجیے
ایسا نہ ہو کہ بد دعا نکلے زبان سے
ماں کو یہ سوکھی روٹی کا ٹکڑا نہ دیجیے
ہم تم سے دور ہو گئے دل ٹوٹنے کے بعد
پیغام دوستی کا دوبارہ نہ دیجیے
سب دیکھتا ہے وہ جسے ہم دیکھتے نہیں
جھوٹا کبھی کسی کو بھروسہ نہ دیجیے
دل ٹوٹ جائے گا تو ملے گا نہ پھر حسنؔ
ترک تعلقات کا موقع نہ دیجیے