حسن امام درد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا سے عقل و فہم کے آثار مر گئے (غزل)
دنیا سے عقل و فہم کے آثار مر گئے
سائے تو جی اٹھے در و دیوار مر گئے
کشتیٔ زیست پار نہ لگ پائی لے کے وہ
عقل و خرد کا ہاتھ میں پتوار مر گئے
جن کو تھا خوف موت کا اپنی حیات میں
اک بار کیا مرے وہ کئی بار مر گئے
تھا امتحان شوق کیا نقد جاں قبول
ہو کر خوشی سے ہم بڑے سرشار مر گئے
خوشبو اڑا کے لائے تھے دامان یار سے
اس مدعائے شوق کے اظہار مر گئے
جنت ملی نہ حور گیا اتقا کہاں
ملتے ہیں دردؔ ہاتھ کہ بیکار مر گئے
جان محدود ہوتی جاتی ہے (غزل)
جان محدود ہوتی جاتی ہے
موت مقصود ہوتی جاتی ہے
الاماں علم کی فراوانی
فکر مفقود ہوتی جاتی ہے
کر لی اصلاح اس تمدن کی
سعی بے سود ہوتی جاتی ہے
ہو سفر عشق کا کہ دانش کا
راہ مسدود ہوتی جاتی ہے
خود پرستی کا دور دورہ ہے
ذات معبود ہوتی جاتی ہے
دردؔ اس خلفشار عالم میں
زیست نابود ہوتی جاتی ہے
مزید غزلیں از حسن امام درد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں