پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن حمیدی کی غزلیں — Hasan Hameedi Ghazals

حسن حمیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری پلکوں پہ نہ آئے مرے اندر بولے (غزل)

میری پلکوں پہ نہ آئے مرے اندر بولے

ایک قطرہ کہ جو ٹپکے تو سمندر بولے

زندگی چاہے کہ آواز سفر کرتی رہے

میں نہ بولوں تو مری سوچ کا پیکر بولے

اپنے زخموں کو دکھاؤں تو دکھا بھی نہ سکوں

جو کرم مجھ پہ کئے میرا ستم گر بولے

ان کا کیا ہے کہ سماعت بھی ہے جاگیر ان کی

ہم جو بولے تو ہر اک دل میں اتر کر بولے

بند کمروں میں حسنؔ صرف اشارے کب تک

بولنے والا کوئی بات تو کھل کر بولے

ہمارے ادراک کی صداقت (نظم)

ہمارے ادراک کی صداقت

تمہارے الزام کی نجابت

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں پیش ہوگی

حلف اٹھانے کی رسم سے بے نیاز لمحے

تمام مفلوج عدل گاہوں کی مصلحت کیش بے زبانی

لہو فروشی کے کل دلائل

دفاتر منصفی پر تحریر کر رہے ہیں

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں

تم بھی آؤ گے

ہم بھی آئیں گے

تم اپنے سارے حلیف لانا

قصیدہ خوانوں کا مجمعٔ بے ضمیر لانا

خمیدہ سر مصلحت پسندی کے زہر آلود تیر لانا

تم اپنی مانگی ہوئی شکستہ سی تیغ لانا

صلیب لانا

اذیتوں کے نصاب لانا

ہر ایک مقتل میں دفن شعلوں کی راکھ لانا

ہر ایک پشت بشر پہ تحریر وحشتوں کی لکیر لانا

تم بھی آؤ گے ہم بھی آئیں گے

ہم اپنے ہم راہ زندہ لفظوں کے پھول لے کر

ہر ایک دامن کی دھجیوں کی دھنک میں

پوشیدہ زندگی کے اصول لے کر

ہزارہا سر کشیدہ کرنوں کا نور لے کر

تمام بہنوں کے آنچلوں کا وقار لے کر

تمام ماؤں کی لوریوں کا مزار لے کر

یتیم پلکوں کی شبنمی آرزوؤں کا سوز لے کر

ہم اپنی ان بیٹیوں کی مانگوں کا حسن لے کر

کہ جن کی سیندور کو کھرچ کر

تم آج بارود کی سرنگیں بچھا رہے ہو

ہم اپنی دھرتی کے ذرے ذرے میں

شعلہ افشاں جلال لے کر

ضرور آئیں گے

جلد آئیں گے

وہ دور اب دور تو نہیں ہے

کہ وقت جب منصفی کرے گا

مزید غزلیں از حسن حمیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں