حسن عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے (غزل)
کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
اک محبت ہزار افسانے
ہے ادھر عقل محو بخیہ گری
اور ادھر ہنس رہے ہیں دیوانے
وحشت دل تجھے خدا رکھے
راس آنے لگے ہیں ویرانے
میکدہ ہے وہی وہی مے ہے
صرف بدلے ہوئے ہیں پیمانے
موج طوفاں میں دامن ساحل
کب نظر آئے گا خدا جانے
صبح امید مسکرائی حسنؔ
غم کدہ بن گئے طرب خانے
کتنی بے کیف زندگی ہوگی (غزل)
کتنی بے کیف زندگی ہوگی
غم نہ ہوگا تو کیا خوشی ہوگی
جب کبھی درد میں کمی ہوگی
چشم احساس شبنمی ہوگی
میں نہ کہتا تھا جذبۂ بے تاب
دوستی تیری دشمنی ہوگی
جھلملائی کسی کی شمع خیال
اب اندھیرے میں روشنی ہوگی
عشق سے حسن کا بڑھے گا وقار
موت بنیاد زندگی ہوگی
کثرت غم کا کیا کروں شکوہ
یہ تو توہین زندگی ہوگی
آستاں بڑھ رہا ہے سوئے جبیں
آج معراج بندگی ہوگی
جب حسنؔ رحم آئے گا ان کو
دل کی دنیا بدل چکی ہوگی
مزید غزلیں از حسن عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں