پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن عزیز کی غزلیں — Hasan Aziz Ghazals

حسن عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود پر کوئی طوفان گزر جانے کے ڈر سے (غزل)

خود پر کوئی طوفان گزر جانے کے ڈر سے

میں بند ہوں کمرے میں بکھر جانے کے ڈر سے

یہ لوگ مجھے خون کا تاجر نہ سمجھ لیں

میں تیغ لیے پھرتا ہوں سر جانے کے ڈر سے

ہر سائے پہ آہٹ پہ نظر رکھتا ہوں شب بھر

بستر پہ نہیں جاتا ہوں ڈر جانے کے ڈر سے

میں ٹوٹنے دیتا نہیں رنگوں کا تسلسل

زخموں کو ہرا کرتا ہوں بھر جانے کے ڈر سے

وہ ماں کی محبت کی بلندی تھی کہ اس نے

زندہ ہی نہ چھوڑا مجھے مر جانے کے ڈر سے

کچھ جیت میں بھی فائدہ ہوتا نہیں پھر بھی

وہ جنگ نہیں ہارتا ہرجانے کے ڈر سے

افسردہ حسنؔ ہیں مرے لشکر کے سپاہی

اس تک مرے زخموں کی خبر جانے کے ڈر سے

اک قصۂ طویل ہے افسانہ دشت کا (غزل)

اک قصۂ طویل ہے افسانہ دشت کا

آخر کہیں تو ختم ہو ویرانہ دشت کا

مجھ کو بھی غرق بحر تماشا میں کر دیا

اب حد سے بڑھتا جاتا ہے دیوانہ دشت کا

تعویذ آب کے سوا چارہ نہیں کوئی

آسیب تشنگی سے ہے یارانہ دشت کا

تو نے شکست کھائی محاذ قیام پر

اب سکۂ سفر میں دے ہرجانہ دشت کا

ہوتا نہیں جو خالی کبھی جام آفتاب

دن بھر ہی گرم رہتا ہے مے خانہ دشت کا

اب ظلمتوں کا خوف نہیں خاک شہر کی

روشن ہے شمع ریگ سے کاشانہ دشت کا

آداب منصفی سے میں واقف نہیں حسنؔ

شہر خطا میں کرتا ہوں جرمانہ دشت کا

مزید غزلیں از حسن عزیز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں