حیرت شملوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آج یہ سوچنے بیٹھا ہوں کہ کل کیا ہوگا (غزل)
آج یہ سوچنے بیٹھا ہوں کہ کل کیا ہوگا
اس سے بڑھ کر بھی کسی سر میں خلل کیا ہوگا
آج کچھ ہے تو سہی حال کسی کا بہتر
یہ خدا ہی کو ہے معلوم کہ کل کیا ہوگا
کام کی بات ہے کہنے کو تو کہہ دوں لیکن
فکر ہی جب نہیں کوئی تو عمل کیا ہوگا
ایک دن اس کی محبت میں فنا ہو جانا
اور اس عقدۂ دشوار کا حل کیا ہوگا
یہ غم و رنج ہی قسمت میں اگر لکھا ہے
اس میں تدبیر سے بھی رد و بدل کیا ہوگا
جس میں اک سوز بھی ہو ساز بھی ہو اے حیرتؔ
اس سے بڑھ کر کوئی انداز غزل کیا ہوگا
حد سے گزری ہے ابتلا میری (غزل)
حد سے گزری ہے ابتلا میری
اب تو سن لے مرا خدا میری
آج بیگانہ وہ نگاہیں ہیں
تھیں جو مدت سے آشنا میری
کون کرتا ہے مجھ غریب پہ رحم
کون سنتا ہے التجا میری
ہوں وہ بیمار غم کہ مشکل سے
کر سکے گا کوئی دوا میری
نہ ملا دل کا قدرداں نہ ملا
یوں ہی رسوا ہوئی وفا میری
کوئی انصاف بھی ہے دنیا میں
بڑھ گئی جرم سے سزا میری
بات کچھ بن گئی تو جانوں گا
کام کچھ کر گئی دعا میری
ڈھونڈھتا ہوں سکون دل حیرتؔ
یہ خطا ہے تو ہے خطا میری