پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حاجی شفیع اللہ شفیع بہرائچی کی غزلیں — Haji Shafiullah Shafi Bahraichi Ghazals

حاجی شفیع اللہ شفیع بہرائچی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گرم ہے حسن کا بازار خدا خیر کرے (غزل)

گرم ہے حسن کا بازار خدا خیر کرے

عام ہے شربت دیدار خدا خیر کرے

دیکھیے گرمئ گفتار خدا خیر کرے

ہو نہ جائے کہیں تکرار خدا خیر کرے

اب کہاں جائیں ترے چاہنے والے آخر

چرخ ہے درپئے آزار خدا خیر کرے

کل جو دم بھرتے تھے اے دوست محبت کا مری

ان کے ہونٹوں پہ ہے انکار خدا خیر کرے

مجھ سے برگشتہ مقدر ہی نظر آتا ہے

بگڑے بگڑے سے ہیں سرکار خدا خیر کرے

چل کے پوچھیں تو ذرا بازوئے قاتل کا حال

لے کے وہ نکلے ہیں تلوار خدا خیر کرے

ہائے اے جوش جنوں اب تو یہ حالت ہے مری

دیکھ کر کہتے ہیں اغیار خدا خیر کرے

چونک اٹھیں نہ کہیں قبر کے سونے والے

آپ کی شوخئ رفتار خدا خیر کرے

غیر کے جور و ستم کا کروں کس سے شکوہ

اپنوں کے بدلے جب اطوار خدا خیر کرے

خار ہی خار نظر آتے ہیں گلشن میں شفیعؔ

سونا سونا سا ہے گلزار خدا خیر کرے

سر جھکا دے جس جگہ پر تیرا دیوانہ ابھی (غزل)

سر جھکا دے جس جگہ پر تیرا دیوانہ ابھی

بت کدہ بھی ہو تو بن جائے خدا خانہ ابھی

دل میں باقی ہے اگر جذب کلیمانہ ابھی

دیکھئے گا ہر جگہ پر نور جانانہ ابھی

وہ نظر آتے ہیں مجھ کو بے حجابانہ ابھی

جذب دل رہنے دے کچھ دن اور دیوانہ ابھی

ماسوا سے بے خبر ہے اور بیگانہ ابھی

جستجو میں تیری سر گرداں ہے دیوانہ ابھی

کیوں نہ ہر لمحہ فزوں ہو جوش رندانہ ابھی

مل رہی ہے ان سے پیمانہ بہ پیمانہ ابھی

کہہ رہا ہے مست ہو کر تیرا مستانہ ابھی

رقص میں ساغر ہے گردش میں ہے پیمانہ ابھی

اک کرن جلوے کی تیرے روئے جانانہ ابھی

کر گئی ہوش و خرد سے مجھ کو بیگانہ ابھی

ہوش میں اپنے ہے کچھ کچھ تیرا دیوانہ ابھی

اے نگاہ ناز کوئی اور پیمانہ ابھی

تیرے ہاتھوں سے اگر ملتے رہیں جام و سبو

ہر قدم پر ڈال دیں بنیاد مے خانہ ابھی

تیرے ہی جلووں سے ہیں معمور یہ دیر و حرم

کعبہ دیکھا دیکھ آئے جا کے بت خانہ ابھی

دل تو پہلے ہی سے ان کو دے چکے ہیں اے شفیعؔ

ایک باقی رہ گیا ہے سر کا نذرانہ ابھی