پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیرت گونڈوی کی غزلیں — Hairat Gondvi Ghazals

حیرت گونڈوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئینہ دیکھتا ہوں نظر آ رہے ہو تم (غزل)

آئینہ دیکھتا ہوں نظر آ رہے ہو تم

کتنے قریب مجھ سے ہوئے جا رہے ہو تم

یہ کیا فریب ہے کہ جو فرما رہے ہو تم

میں خود کو ڈھونڈھتا ہوں ملے جا رہے ہو تم

تم کو یہ پیچ و تاب کی مشکل ہے میری راہ

مجھ کو یہ اضطراب کہ گھبرا رہے ہو تم

اتنا بھی کر سکے گا نہ کیا میرا دست شوق

کیوں زلف کائنات کو سلجھا رہے ہو تم

تم ہو تمہارا میں ہوں تمہاری بہار ہے

یہ کس کو دیکھ دیکھ کے شرما رہے ہو تم

آنکھوں میں اشک دل میں خلش لب پہ ہے فغاں

یہ خود تڑپ رہے ہو کہ تڑپا رہے ہو تم

میرا چمن تو ہے مگر اپنا کہوں نہ میں

ہاں میں سمجھ رہا ہوں جو سمجھا رہے ہو تم

ہے ان کو ناز پردۂ ماہ و نجوم پر

کیسے کہوں کہ صاف نظر آ رہے ہو تم

رہ رہ کے کوندتی ہیں اندھیرے میں بجلیاں

تم یاد کر رہے ہو کہ یاد آ رہے ہو تم

اس کا ملال ہے کہ ستم سہ رہے ہیں ہم

اس کا گلا نہیں کہ ستم ڈھا رہے ہو تم

تجھے باتوں میں لانا چاہتا ہوں (غزل)

تجھے باتوں میں لانا چاہتا ہوں

تری باتوں میں آنا چاہتا ہوں

کسی کا آستانہ چاہتا ہوں

کہیں میں سر جھکانا چاہتا ہوں

کسی صورت بلا لے پاس مجھ کو

میں تیرے پاس آنا چاہتا ہوں

جنوں دیکھو کہ ان کی ہی کہانی

انہی کو میں سنانا چاہتا ہوں

مجھے اے رہنما اب چھوڑ تنہا

میں خود کو آزمانا چاہتا ہوں

ٹھہر جائے یوں ہی ان کا تبسم

ٹھہر جائے زمانہ چاہتا ہوں

وہ پیہم روٹھ جانا چاہتے ہیں

میں ہر صورت منانا چاہتا ہوں

مزید غزلیں از حیرت گونڈوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں