پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیرت فرخ آبادی کی غزلیں — Hairat Farrukhabadi Ghazals

حیرت فرخ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل دکھانا تمہاری فطرت ہے (غزل)

دل دکھانا تمہاری فطرت ہے

چوٹ کھانا ہماری عادت ہے

مجھ کو یوں ہی خراب ہونا تھا

بے سبب تم کو کیوں ندامت ہے

جھانک کر ایک بار آنکھوں میں

خود ہی پڑھ لو جو دل کی حالت ہے

راہ الفت میں جان دے دینا

اس سے بڑھ کر کوئی شہادت ہے

تیری فرقت ہو یا تری قربت

ایک دوزخ ہے ایک جنت ہے

تم نے دیکھا ہے ایسے جلووں کو

کس لیے مجھ سے پھر شکایت ہے

اس بھروسے گناہ کرتا ہوں

بخش دینا تمہاری فطرت ہے

سوئے مے خانہ اٹھ چلے ہیں قدم

جیسے یہ بھی کوئی عبادت ہے

زندگی کو سنبھال کر رکھنا

ایک بے درد کی امانت ہے

درد ہی درد جس کے شعروں میں

اور ہے کون صرف حیرتؔ ہے

جو رخ سے پردہ اٹھاؤ تو کوئی بات بنے (غزل)

جو رخ سے پردہ اٹھاؤ تو کوئی بات بنے

ہمیں بھی جلوہ دکھاؤ تو کوئی بات بنے

ہمارے سامنے آؤ تو کوئی بات بنے

ہمارے ہوش اڑاؤ تو کوئی بات بنے

سنا ہے طور پہ موسیٰ گرے تھے سجدے میں

ہمیں بھی سجدہ کراؤ تو کوئی بات بنے

غموں کی آگ ہے دل میں جہان جلتا ہے

ذرا یہ آگ بجھاؤ تو کوئی بات بنے

عجیب ڈھنگ سے توڑا ہے دل محبت نے

اسے بھی آس بندھاؤ تو کوئی بات بنے

بہت اداس ہے تاریک ہے جہاں میرا

کہیں سے روشنی لاؤ تو کوئی بات بنے

خرد کے دیپ بجھے چار سو اندھیرا ہے

جلاؤ دل ہی جلاؤ تو کوئی بات بنے

ازل سے نام سنا ہے شراب وحدت کا

کبھی ہمیں بھی پلاؤ تو کوئی بات بنے

یوں ہی گزار دی جو زندگی تو کیا حاصل

کسی کے کام جو آؤ تو کوئی بات بنے

سنا ہے ہم نے دکھاتے ہو معجزے اکثر

میں گر گیا ہوں اٹھاؤ تو کوئی بات بنے

وہ جس میں نام تمہارا ہمارا آتا ہے

وہی فسانہ سناؤ تو کوئی بات بنے

تمہارا ترک محبت بھی نا مکمل ہے

خیال میں بھی نہ آؤ تو کوئی بات بنے

فریب کھائے ہیں حیرتؔ طرح طرح کے مگر

فریب عشق بھی کھاؤ تو کوئی بات بنے

مزید غزلیں از حیرت فرخ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں