حیرت بن واحد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جلنے دو نشیمن کو جلتا ہے تو جل جائے (غزل)
جلنے دو نشیمن کو جلتا ہے تو جل جائے
بھڑکے ہوئے شعلوں کا ارماں تو نکل جائے
دیوانوں کا کیا مسلک دیوانے تو دیوانے
جو دل میں سما جائے جو منہ سے نکل جائے
لب تک تو نہ آئے گا راز غم دل لیکن
ممکن ہے یہ افسانہ پلکوں سے مچل جائے
اس ذوق تجسس کی عظمت کو خدا جانے
جو حد تعین سے کچھ آگے نکل جائے
اے اہل چمن ہم تو اس ذہن کے حامل ہیں
پھولوں کو جو ٹھکرا دے کانٹوں سے بہل جائے
کچھ رنگ تو بھرنے دو تصویر محبت میں
یہ میرا مقدر ہے بگڑے کہ سنبھل جائے
تم میرے نشیمن کے جلنے پہ تو ہنستے ہو
لیکن جو کوئی شعلہ رخ اپنا بدل جائے
فریاد کی لے میں بھی حیرتؔ کوئی ندرت ہو
اس طرح کہ ہر نالہ نغمات میں ڈھل جائے
نہ پوچھ اے نور شمع حسن پروانوں پہ کیا گزری (غزل)
نہ پوچھ اے نور شمع حسن پروانوں پہ کیا گزری
ہوا شعلہ فشاں جو تو تو دیوانوں پہ کیا گزری
بتائیں اہل دل دنیا کے ایمانوں پہ کیا گزری
مساجد پر پڑیں چوٹیں تو بت خانوں پہ کیا گزری
جلانا برق کا تو شغل تھا گر گھر جلا ڈالے
وہ کیوں یہ سوچتی دنیا کے خس خانوں پہ کیا گزری
بتاؤ تو ذرا انسانیت کے نام لیواؤ
کہ خود انسان کے ہاتھوں سے انسانوں پہ کیا گزری
نگاہوں کا وہ ہلکا سا تصادم ہے معاذ اللہ
پھر اس کے بعد کیا کہئے کہ دیوانوں پہ کیا گزری
مسلم تیری تابانی بجا اے شمع ضو تیری
مگر یہ بھی کبھی دیکھا کہ پروانوں پہ کیا گزری
در زنداں پہ وہ مغموم و آزردہ سے بیٹھے ہیں
الٰہی خیر ہو آج ان کے دیوانوں پہ کیا گزری
دعائیں میکشوں کی پھرتی ہیں بھٹکی ہوئی حیرتؔ
یہ کیوں باب اثر ہے بند مے خانوں پہ کیا گزری