پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیرت الہ آبادی کی غزلیں — Hairat Allahabadi Ghazals

حیرت الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں (غزل)

آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں

سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں

آ جائیں رعب غیر میں ہم وہ بشر نہیں

کچھ آپ کی طرح ہمیں لوگوں کا ڈر نہیں

جس پر پڑے پھر اس کو خدا ہی پناہ دے

تیغ نگاہ یار کی پیدا سپر نہیں

مشہور خلق عیسیٰ دوراں تو ہو مگر

لیکن مریض عشق کی جانب نظر نہیں

اک تو شب فراق کے صدمے ہیں جاں گداز

اندھیر اس پہ یہ ہے کہ ہوتی سحر نہیں

سرد سہی جو کہتے ہیں شاعر تمہیں بجا

بے شک نہال عیش ہو لیکن ثمر نہیں

کیا کہئے اس طرح کے تلون مزاج کو

وعدے کا ہے یہ حال ادھر ہاں ادھر نہیں

کیا جانیں کیسی جوڑ جمائی رقیب نے

ایسے خفا ہیں بولتے دو دوپہر نہیں

رکھتے قدم جو وادئ الفت میں بے دھڑک

حیرتؔ سوا تمہارے کسی کا جگر نہیں

بوسہ لیا جو چشم کا بیمار ہو گئے (غزل)

بوسہ لیا جو چشم کا بیمار ہو گئے

زلفیں چھوئیں بلا میں گرفتار ہو گئے

سکتہ ہے بیٹھے سامنے تکتے ہیں ان کی شکل

کیا ہم بھی عکس آئینۂ یار ہو گئے

بیٹھے تمہارے در پہ تو جنبش تلک نہ کی

ایسے جمے کہ سایۂ دیوار ہو گئے

ہم کو تو ان کے خنجر ابرو کے عشق میں

دن زندگی کے کاٹنے دشوار ہو گئے