پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیدر قریشی کی غزلیں — Haider Qureshi Ghazals

حیدر قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو بس میں ہے وہ کر جانا ضروری ہو گیا ہے (غزل)

جو بس میں ہے وہ کر جانا ضروری ہو گیا ہے

تری چاہت میں مر جانا ضروری ہو گیا ہے

ہمیں تو اب کسی اگلی محبت کے سفر پر

نہیں جانا تھا پر جانا ضروری ہو گیا ہے

ستارا جب مرا گردش سے باہر آ رہا ہے

تو پھر دل کا ٹھہر جانا ضروری ہو گیا ہے

درختوں پر پرندے لوٹ آنا چاہتے ہیں

خزاں رت کا گزر جانا ضروری ہو گیا ہے

اندھیرا اس قدر گہرا گیا ہے دل کے اندر

کوئی سورج ابھر جانا ضروری ہو گیا ہے

بہت مشکل ہوا اندر کے ریزوں کو چھپانا

سو اب اپنا بکھر جانا ضروری ہو گیا ہے

تجھے میں اپنے ہر دکھ سے بچانا چاہتا ہوں

ترے دل سے اتر جانا ضروری ہو گیا ہے

نئے زخموں کا حق بنتا ہے اب اس دل پہ حیدرؔ

پرانے زخم بھر جانا ضروری ہو گیا ہے

وصل کی شب تھی اور اجالے کر رکھے تھے (غزل)

وصل کی شب تھی اور اجالے کر رکھے تھے

جسم و جاں سب اس کے حوالے کر رکھے تھے

جیسے یہ پہلا اور آخری میل ہوا ہو

حال تو دونوں نے بے حالے کر رکھے تھے

کھوج رہے تھے روح کو جسموں کے رستے سے

طور طریقے پاگلوں والے کر رکھے تھے

ہم سے نادانوں نے عشق کی برکت ہی سے

کیسے کیسے کام نرالے کر رکھے تھے

وہ بھی تھا کچھ ہلکے ہلکے سے میک اپ میں

بال اپنے ہم نے بھی کالے کر رکھے تھے

اپنے آپ ہی آیا تھا پھر مرہم بن کر

جس نے ہمارے دل میں چھالے کر رکھے تھے

حیدرؔ اپنی تاثیریں لے آئے آخر

ہجر میں ہم نے جتنے نالے کر رکھے تھے

مزید غزلیں از حیدر قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں