پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ مومن کی غزلیں — Hafeez Momin Ghazals

حفیظ مومن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

باتوں سے تیری بات کی خوشبو نکل پڑے (غزل)

باتوں سے تیری بات کی خوشبو نکل پڑے

پہچان کا کہیں کوئی پہلو نکل پڑے

کم کم کہوں میں شعر سناؤں بہت ہی کم

کیا جو کسی غزل سے کبھی تو نکل پڑے

بوسہ کہا تھا آپ نے ابرو چڑھا لئے

اتنی ذرا سی بات پہ چاقو نکل پڑے

اس بار اس نے آپ سے تم کہہ دیا ہمیں

ایسی خوشی کہ آنکھ سے آنسو نکل پڑے

کہتے ہیں روشنی کی حفاظت کریں گے ہم

سورج کی دیکھ بھال کو جگنو نکل پڑے

کانوں میں رس تھی گھولتی سنتوں کی بانیاں

ترشول لے کے آج کے سادھو نکل پڑے

افلاس کے لباس میں یہ بات ہے اگر

شاہانہ آن بان سے اردو نکل پڑے

جب دین کی مدد کو پکارا گیا حفیظؔ

پھانکا نہ اپنے ہاتھ کا ستو نکل پڑے

انوکھا روپ دھارا ہے نرالا قد نکالا ہے (غزل)

انوکھا روپ دھارا ہے نرالا قد نکالا ہے

ذرا سی شاخ نے کیسا بڑا برگد نکالا ہے

خوشامد کرنے والے کے حکومت ہاتھ آئی ہے

جو اپنی جان پر کھیلا اسے سرحد نکالا ہے

ہزاروں میں کسی اک آدھ کو دنیا عطا کی ہے

ہمارے واسطے اس نے یہی فیصد نکالا ہے

کہ اس کو سوجھتی رہتی ہے اپنی سی چلانے کی

کہیں تبریز بھیجا ہے کہیں سرمد نکالا ہے

بہت آسان ہے اللہ کو منظر بدل دینا

ابھی مسند نشینی ہے ابھی مسند نکالا ہے

احد میں میم رکھا حمد سے پہلے الف رکھا

عجب انداز سے اللہ نے احمد نکالا ہے

کمانا اور کھانا عیش کرنا اور مر جانا

نہیں مومنؔ اگر جینے کا یہ مقصد نکالا ہے

مزید غزلیں از حفیظ مومن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں