پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ میرٹھی کی غزلیں — Hafeez Merathi Ghazals

حفیظ میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آباد رہیں گے ویرانے شاداب رہیں گی زنجیریں (غزل)

آباد رہیں گے ویرانے شاداب رہیں گی زنجیریں

جب تک دیوانے زندہ ہیں پھولیں گی پھلیں گی زنجیریں

آزادی کا دروازہ بھی خود ہی کھولیں گی زنجیریں

ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گی جب حد سے بڑھیں گی زنجیریں

جب سب کے لب سل جائیں گے ہاتھوں سے قلم چھن جائیں گے

باطل سے لوہا لینے کا اعلان کریں گی زنجیریں

اندھوں بہروں کی نگری میں یوں کون توجہ کرتا ہے

ماحول سنے گا دیکھے گا جس وقت بجیں گی زنجیریں

جو زنجیروں سے باہر ہیں آزاد انہیں بھی مت سمجھو

جب ہاتھ کٹیں گے ظالم کے اس وقت کٹیں گی زنجیریں

چاہے تن من سب جل جائے (غزل)

چاہے تن من سب جل جائے

سوز دروں پر آنچ نہ آئے

شیشہ ٹوٹے غل مچ جائے

دل ٹوٹے آواز نہ آئے

بحر محبت توبہ! توبہ!

تیرا جائے نہ ڈوبا جائے

اے وائے مجبوریٔ انساں

کیا سوچے اور کیا ہو جائے

ہائے وہ نغمہ جس کا مغنی

گاتا جائے روتا جائے

عزت دولت آنی جانی

مل مل جائے چھن چھن جائے

جس کو کہنی دل کی کہانی

سر تا پا دھڑکن بن جائے

مے خانے کی سمت نہ دیکھو

جانے کون نظر آ جائے

کاش ہمارا فرض محبت

عیش محبت پر چھا جائے

مزید غزلیں از حفیظ میرٹھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں