پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ شاہد کی غزلیں — Hafeez Shahid Ghazals

حفیظ شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بنا دیکھے تجھے اپنا بنا کر دیکھ لیتا ہوں (غزل)

بنا دیکھے تجھے اپنا بنا کر دیکھ لیتا ہوں

میں تیرے آستاں پر سر جھکا کر دیکھ لیتا ہوں

سنا ہے راز چاہت کا چھپانا سخت مشکل ہے

تری تصویر آنکھوں میں چھپا کر دیکھ لیتا ہوں

اندھیرے دل کی بستی کے بھی شاید دور ہو جائیں

میں تیرے نام کی مشعل جلا کر دیکھ لیتا ہوں

شکایت دوستوں کی ہے مرے احباب کے لب پر

چلو اب دشمنوں کو آزما کر دیکھ لیتا ہوں

وہ گل جان بہار آرزو ہے لوگ کہتے ہیں

اسے شاخ تمنا پر سجا کر دیکھ لیتا ہوں

مجھ کچھ بھی نہیں حاصل ہوا اونچی اڑانوں سے

قدم اپنی زمیں پر اب جما کر دیکھ لیتا ہوں

دعا اپنے لیے میں نے کبھی مانگی نہیں کوئی

تری خاطر میں ہاتھ اپنے اٹھا کر دیکھ لیتا ہوں

پروں میں ان کے کتنی طاقت پرواز باقی ہے

پرندے اپنی سوچوں کے اڑا کر دیکھ لیتا ہوں

کہاں پہنچے گا میرا کاروان شوق اے شاہدؔ

میں اپنے آپ کو رہبر بنا کر دیکھ لیتا ہوں

ہر شخص یہاں مجھ کو بیمار سا لگتا ہے (غزل)

ہر شخص یہاں مجھ کو بیمار سا لگتا ہے

اس شہر میں اب جینا آزار سا لگتا ہے

سوچوں کی دکانیں ہیں یادوں کے کھلونے ہیں

سینے میں مرے کوئی بازار سا لگتا ہے

دیکھا تمہیں جب سے احساس کے آنگن میں

ہر جذبۂ خوابیدہ بیدار سا لگتا ہے

اب راہ محبت میں چلنا ہے بہت مشکل

اس راہ کا ہر پتھر کہسار سا لگتا ہے

مانا کہ ترے لب پر الفاظ تو اچھے ہیں

لیکن یہ ترا لہجہ تلوار سا لگتا ہے

کچھ شہر کے دکھڑے ہیں کچھ گھر کے مسائل ہیں

مجھ کو یہ ترا خط بھی اخبار سا لگتا ہے

حالات نے بھر دی ہے تلخی سی طبیعت میں

اب کار سخن سازی دشوار سا لگتا ہے

دراصل وہ کیسا ہے یہ بعد کی باتیں ہیں

چہرے سے مگر شاہدؔ غم خوار سا لگتا ہے

کس سے پوچھئے جا کر کیوں بگڑ گئے بچے (نظم)

کس سے پوچھئے جا کر کیوں بگڑ گئے بچے

آتشیں کھلونوں سے کھیلنے لگے بچے

کچھ نئے تقاضے ہیں اس نئے زمانے کے

اب کہاں مچلتے ہیں چاند کے لیے بچے

کھو گئے تعصب کے بے کراں اندھیروں میں

شہر کی فضاؤں میں میرے گاؤں کے بچے

دو گھڑی لڑائی ہے پھر وہی صفائی ہے

ہم بڑوں سے اچھے ہیں بے شعور سے بچے

اک قدم بھی پھر آگے میں نہ چل سکا شاہدؔ

جب کڑی مسافت میں یاد آ گئے بچے

مزید غزلیں از حفیظ شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں