پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہادی مصطفیٰ آبادی کی غزلیں — Hadi Mustafabadi Ghazals

ہادی مصطفیٰ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اسی سوچ میں رہتا ہوں کدھر جاتی ہے (غزل)

میں اسی سوچ میں رہتا ہوں کدھر جاتی ہے

تیری خوشبو جو مجھے چھو کے گزر جاتی ہے

خط کے بدلے انہیں کچھ پھول پہنچ جاتے ہیں

میری تحریر بہ الفاظ دگر جاتی ہے

مجھ کو آوارہ نگاہی کا تو الزام نہ دے

تیرے دھوکے میں حسینوں پہ نظر جاتی ہے

اضطراب نگہ شوق پہ آتی ہے ہنسی

تیرے ہوتے جو نظر جانب در جاتی ہے

تھے تو غصے میں مگر ہنس بھی دئے ہیں ایسے

فصل گل جاتے ہوئے جیسے ٹھہر جاتی ہے

میں جسے کہنے کو بے چین ہوں ان سے ہادیؔ

جانے کیوں دھیان سے وہ بات اتر جاتی ہے

مزید غزلیں از ہادی مصطفیٰ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں