پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہادی مچھلی شہری کی غزلیں — Hadi Machlishahri Ghazals

ہادی مچھلی شہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھویا ہوا سا رہتا ہوں اکثر میں عشق میں (غزل)

کھویا ہوا سا رہتا ہوں اکثر میں عشق میں

یا یوں کہو کہ ہوش میں آنے لگا ہوں میں

یہ ابتدائے شوق کی حالت نہ ہو کہیں

محفل میں اس سے آنکھ چرانے لگا ہوں میں

اب کیوں گلہ رہے گا مجھے ہجر یار کا

بے تابیوں سے لطف اٹھانے لگا ہوں میں

تم عزیز اور تمہارا غم بھی عزیز (غزل)

تم عزیز اور تمہارا غم بھی عزیز

کس سے کس کا گلا کرے کوئی

مانع عرض مجھ کو پاس وفا

ان کو ضد التجا کرے کوئی

تم تغافل شعار دل مایوس

آہ کیا حوصلہ کرے کوئی

غم دل اب کسی کے بس کا نہیں

کیا دوا کیا دعا کرے کوئی

کون سنتا ہے غم نصیبوں کی

کس کے در پر صدا کرے کوئی

خیر سن لو مرا فسانۂ غم

یہ تو کہہ دوگے کیا کرے کوئی

سخت مشکل ہے شرح درد نہاں

کس طرح ابتدا کرے کوئی

جس کو دیکھو وہ ہے وفا دشمن

کس سے عہد وفا کرے کوئی

ختم جور و جفا ہے مرگ وفا

کاش پھر ابتدا کرے کوئی

لطف تعزیر جب ہو جان حیات

کیوں نہ ہادیؔ خطا کرے کوئی