حبیب الرحمن صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل دیوانہ سے حال دل دیوانہ کہتے ہیں (غزل)
دل دیوانہ سے حال دل دیوانہ کہتے ہیں
ہمیں ہیں سننے والے اور ہمیں افسانہ کہتے ہیں
سنا ہے پھر بہار آئے گی اس اجڑے ہوئے گھر میں
بنے گا اک جہان آرزو ویرانہ کہتے ہیں
سر اخلاص جس کا محو سجدہ ہو ترے در پر
وہ کیا جانے کسے کعبہ کسے بت خانہ کہتے ہیں
دم آخر ہے آ جاؤ مریض غم کی بالیں پر
ذرا سن لو لب خاموش کیا افسانہ کہتے ہیں
نقاب رخ الٹنا خرمن ہستی کا جل جانا
اسی بجلی کو شاید جلوۂ جانانہ کہتے ہیں
آشیاں تھا ہم سے ہم تھے آشیانے کے لئے (غزل)
آشیاں تھا ہم سے ہم تھے آشیانے کے لئے
روئیے کیا اب قفس میں اس زمانے کے لئے
کار فرما ہیں نیاز عشق کی مجبوریاں
سجدے لے کر میں چلا تھا آستانہ کے لئے
کشمکش میں ہے حیات و موت کی جان حزیں
آپ آ جائیں ذرا قصہ چکانے کے لئے
کوئی ہوتا ہے خریدار متاع اہل دل
دولت دارین لاتے ہیں لٹانے کے لئے
ہو قفس کی تیلیوں پر بھی نگاہ لطف برق
کیا نشیمن ہی کے تنکے تھے جلانے کے لئے