حبیب آئی کنخواب والا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے تو قید سے اپنی رہائی کیوں نہیں دیتا (غزل)
مجھے تو قید سے اپنی رہائی کیوں نہیں دیتا
اگر تو ہے جدا تو پھر جدائی کیوں نہیں دیتا
ضرورت کیا مجھے تم کو طبیعت سے بلانے کی
تمہارے دل کہ دھڑکن ہوں سنائی کیوں نہیں دیتا
کسی شیشے کے جیسے کیا کھڑا ہے سامنے میرے
شکایت سن رہا ہے تو صفائی کیوں نہیں دیتا
اگر چھو لے تو پتھر دل پگھل کے موم ہو جائے
ہمارے ہاتھ کو ویسی رسائی کیوں نہیں دیتا
ترے اجڑے مکاں سے ہی بنایا ہے محل اس نے
بدھائی دے رہا ہے تو دہائی کیوں نہیں دیتا
کتنی عجیب بات ہے تیرے بنا مجھے (غزل)
کتنی عجیب بات ہے تیرے بنا مجھے
ہر چیز لطف دینے لگی ہے ذرا مجھے
آخر گناہ کر کے دکھانا پڑا مجھے
یہ لوگ تو سمجھنے لگے تھے خدا مجھے
تیرے لیے بھی غیب سے آیا ہے کوئی کیا
جو تو بھی کر رہی ہے یوں بے آسرا مجھے
مرنے کی جستجو تو مجھے بھی نہیں مگر
ظالم نے دے دیا ہے ترا واسطہ مجھے
میں کوڑیوں کے دام پہ آیا ہوں بیچ کر
سودا یہ عشق کا بڑا مہنگا پڑا مجھے