پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حبیبہ اکرام کی غزلیں — Habiba Ikram Ghazals

حبیبہ اکرام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں کچھ آئے جو خیال نئے (غزل)

دل میں کچھ آئے جو خیال نئے

ہم سے ہوتے گئے کمال نئے

عزت نفس جاں سے پیاری ہے

لاکھ دنیا بچھائے جال نئے

جب بھی خوشیاں قریب آتی ہیں

گھیر لیتے ہیں کچھ ملال نئے

جبکہ بے داغ ہے مرا دامن

پھر بھی اٹھنے لگے سوال نئے

کتنی مشکل سے دل سنبھالا ہے

وسوسے اب نہ اور ڈال نئے

دھڑکنیں اب کہاں مرے بس میں

وہ ملا ہے بنا کے حال نئے

کیا کہوں اپنا حال دل تم سے

غم پرانے ہیں اور سال نئے

کسی کا گھر نہیں دیکھا کوئی رشتہ نہیں دیکھا (غزل)

کسی کا گھر نہیں دیکھا کوئی رشتہ نہیں دیکھا

ہوس کی آگ نے بچہ ہو یا بوڑھا نہیں دیکھا

جسے ہم خواب غفلت میں گنوا بیٹھے ہیں مدت سے

دوبارہ چاہ کر بھی اپنا وہ قبلہ نہیں دیکھا

جو قرباں ہو گیا اک خواب کی تکمیل کی خاطر

کسی نے پھر کبھی ایسا کوئی بیٹا نہیں دیکھا

نہ جانے کتنے کمسن ہیں یہاں احساس کے مارے

جنہوں نے آج تک اسکول کا بستہ نہیں دیکھا

مہکتا ہے شبستان وجود اپنا زمانے سے

میں کیا ہوں کون ہوں تم نے مرا شجرہ نہیں دیکھا

وہ کیا جانیں کسے بالا قدی کہتے ہیں دنیا میں

جنہوں نے اپنے قد سے آج تک اونچا نہیں دیکھا

مزید غزلیں از حبیبہ اکرام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں