پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حبیب آروی کی غزلیں — Habeeb Aarvi Ghazals

حبیب آروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس طرح درد کا تم اپنے مداوا کرنا (غزل)

اس طرح درد کا تم اپنے مداوا کرنا

یاد ماضی کو چراغ رہ فردا کرنا

تیری دزدیدہ نگاہی کے میں سو بار نثار

دیکھنے والے اسی چاہ سے دیکھا کرنا

حشر تک جینے کا ارمان لیے بیٹھا ہوں

تم ذرا زیست کے اسباب مہیا کرنا

خواہش دید کی توہین ہے جلووں کا خیال

میری نظروں کا تقاضا ہے کہ پردا کرنا

ایک احسان ہے قدرت کی جفا کاری پر

اس کی دنیا میں بھی جینے کی تمنا کرنا

میری تسکیں کے لیے پھر کوئی وعدہ کیجے

آپ پر فرض نہیں وعدہ کا ایفا کرنا

حسن بیتاب ہو خود وصل کی خاطر اے حبیبؔ

عشق کو چاہئے انداز وہ پیدا کرنا

یاد جو آئے خود شرمائیں اف ری جوانی ہائے زمانے (غزل)

یاد جو آئے خود شرمائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

جیٹھ میں بیٹھے ساون گائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

ہنستے ہنستے روٹھ بھی جائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

سونا چاندی دونوں کٹائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

دور جنوں میں یاس کا عالم حشر سے پہلے حشر کا منظر

تپتا موسم سرد ہوائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

دن کا چکر رات کے پھیرے پاؤں دبا کر راہ کا چلنا

چور کی صورت خود گھبرائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

گیت سریلا تان انوکھی نشہ کا عالم کیف سراپا

جیسے کنھیا بنسی بجائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

کس کا ڈر اور کس کا کھٹکا ایک ہی ساحل ایک ہی رستہ

سپنوں کی ناؤ کھیتے جائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

آہ حبیبؔ اس دور کی باتیں خواب کی لذت یاس کا عالم

کرتی تھیں اشارے جب لیلائیں اف ری جوانی ہائے زمانے

مزید غزلیں از حبیب آروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں