پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حبیب عاصم کی غزلیں — Habeeb Aasim Ghazals

حبیب عاصم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جینے کا تو نے روز نیا مشغلہ دیا (غزل)

جینے کا تو نے روز نیا مشغلہ دیا

اک غم ہٹا نہیں کہ ہمیں دوسرا دیا

یہ سوچئے کہ آپ سے دنیا کو کیا ملا

مت سوچئے کہ آپ کو دنیا نے کیا دیا

ہر ایک میں ہے پیار کی خوشبو بسی ہوئی

تو نے تو جو بھی زخم دیا کام کا دیا

مایوس زندگی کی تھکن لے کے سو گئے

اٹھے تو پھر خدا نے نیا حوصلہ دیا

مانوس اس قدر ہیں ترے غم سے ان دنوں

ہر اک خوشی کو سایۂ غم میں سلا دیا

آئینہ توڑ دے گا وہ چہرے کو دیکھ کر

معلوم تھا تو پھر اسے کیوں آئنہ دیا

اک شاعر و ادیب کی ہے تم کو جستجو

عاصمؔ کا پھر بتاؤ یہ کس نے پتہ دیا

پھر ابھر آئی ہے ماحول کے ماتھے پہ شکن (نظم)

پھر ابھر آئی ہے ماحول کے ماتھے پہ شکن

میرے محبوب

چل اب دور کہیں دور چلیں

چل جہاں پیار کو نفرت سے نہ دیکھا جائے

چل جہاں پیار کو اک کھیل نہ سمجھا جائے

چل جہاں پیار کو دولت سے نہ تولا جائے

چل کسی ایسی ڈگر ایسے نگر ایسے وطن

ان نگاہوں سے کہیں دور نظاروں سے پرے

اہل دنیا کے پراسرار اشاروں سے پرے

ایسی نگری میں چلیں چاند ستاروں سے پرے

جس کی دھرتی ہو وفا اور محبت ہو گگن

غم میں ڈوبی ہوئی ہر رات کی زد میں آ کر

الجھے الجھے سے خیالات کی زد میں آ کر

اور پھر شورش جذبات کی زد میں آ کر

ختم ہو جائے گی اک دن ترے چہرے کی پھبن

ہر طرف دیکھ لے چہروں کی خریداری ہے

پیار کی آڑ میں ہر سمت سیہ کاری ہے

حسن آوارہ ہے اور عشق بھی بازاری ہے

بک رہے ہیں یہاں سج دھج کے حسینوں کے بدن

یہ بہاریں یہ نظارے ہیں سراسر دھوکا

آنکھ پھر آنکھ ہے کھا جاتی ہے اکثر دھوکا

اور کیا دے گا تجھے تیرا مقدر دھوکا

چاندنی اوڑھ کے آئی ہے اجالوں کا کفن

ڈس نہ لے کل تجھے یہ شام سہانی تیری

بن نہ جائے کوئی غمگین کہانی تیری

ڈھل نہ جائے کہیں اشکوں میں جوانی تیری

بن نہ جائیں تری آنکھیں کسی بیوہ کے نین

موسم گل کبھی برسات سے جی ڈرتا ہے

اور کبھی شدت جذبات سے جی ڈرتا ہے

یعنی اب تیری ملاقات سے جی ڈرتا ہے

اب تو ہر تاروں بھری رات سے ہوتی ہے گھٹن

اپنی آنکھوں میں حسیں خواب سجانے والے

پیار کے دیپ ہواؤں میں جلانے والے

تجھ کو جینے نہیں دیں گے یہ زمانے والے

یہ بنا دیں گے ترے ریشمی آنچل کو کفن

مزید غزلیں از حبیب عاصم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں