پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حباب ترمذی کی غزلیں — Habab Tirmizi Ghazals

حباب ترمذی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوش نظر ہے نہ خوش خیال ہے یہ (غزل)

خوش نظر ہے نہ خوش خیال ہے یہ

آج کے دیدہ ور کا حال ہے یہ

تم مرے دل میں کیوں نہیں آتے

شہر رعنائی جمال ہے یہ

میرے چہرے پہ کچھ نہیں تحریر

صرف عنوان عرض حال ہے یہ

وجہ ناکامئ وفا کیا ہے

آپ سے آخری سوال ہے یہ

چاہتے بھی ہیں چاہتے بھی نہیں

دوستی کی نئی مثال ہے یہ

کیسے سلجھیں گے کاکل دوراں

کتنا الجھا ہوا سوال ہے یہ

کون جانے عروج کیا ہوگا

آدمی کا اگر زوال ہے یہ

ڈھونڈھتا ہے نئی نئی افتاد

دل ایذا طلب کا حال ہے یہ

اس زمانے میں پاک دامانی

امر ممکن نہیں محال ہے یہ

اب کوئی آنکھ نم نہیں ہوتی

دل کی دنیا میں خشک سال ہے یہ

تمام رات بجھیں گے نہ میرے گھر کے چراغ (غزل)

تمام رات بجھیں گے نہ میرے گھر کے چراغ

کہ یہ چراغ ہیں خون دل و جگر کے چراغ

ان آنسوؤں کو ستارے سلام کرتے ہیں

بجھا سکو تو بجھا دو یہ چشم تر کے چراغ

ہوا نہ ایسا چراغاں کبھی سر مقتل

ہتھیلیوں پہ ہیں روشن بریدہ سر کے چراغ

انہیں پہ چلنے سے منزل ملے گی ہم سفرو

یہ نقش پا ہیں کسی کے کہ رہ گزر کے چراغ

اس انجمن میں اجالا رہے گا صدیوں تک

جلا رہا ہوں مسلسل دل و نظر کے چراغ

یہ لال قلعہ یہ دیوار چیں یہ تاج محل

یہ سب کے سب ہیں جلائے ہوئے بشر کے چراغ

حبابؔ شہر سبا میں وہ قمقموں کی بہار

گلی گلی میں فروزاں تھے سیم و زر کے چراغ

مزید غزلیں از حباب ترمذی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں