حباب ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب اس سے ترک ملاقات کا ارادہ کیا (غزل)
جب اس سے ترک ملاقات کا ارادہ کیا
تب اس نے دامن دل کو ذرا کشادہ کیا
بس اک نگاہ سے اس کی سدا رہے مخمور
کبھی نہ جام اٹھایا نہ شغل بادہ کیا
فریب دے کے بھی اس کا قصور کم ہی رہا
کہ ہم نے اس پہ بھروسہ بھی کچھ زیادہ کیا
شرافت اور نجابت کا اس کو غرہ ہے
حسب نسب سے سوا ذکر خانوادہ کیا
جہان شعر و ادب میں ہمارا ذکر بھی ہے
کہ ہم نے میرؔ سے غالبؔ سے استفادہ کیا
مری غیور طبیعت پہ اس کو حیرت ہے
کہ عرض شوق کا اس سے نہ پھر اعادہ کیا
یہ اور بات کہ ناکامیاں مقدر تھیں
حبابؔ جو بھی کیا ہم نے بالارادہ کیا
اب مصر میں کہاں کوئی بازار معتبر (غزل)
اب مصر میں کہاں کوئی بازار معتبر
یوسف ہی معتبر نہ خریدار معتبر
ایسے میں سوچتا ہوں کسے معتبر کہوں
ملتا نہیں ہے جب کوئی کردار معتبر
رہزن چھپے ہوئے ہیں پس سنگ میل راہ
مطلق نہیں ہے سایۂ اشجار معتبر
تاریک شب ہے اور لرزتے ہوئے چراغ
لگتے نہیں ہیں صبح کے آثار معتبر
کہنے کو سرفروش تھے جانباز تھے بہت
ٹھہرے اکیلے ہم ہی سر دار معتبر
محفل میں اہل فن بھی یہ کہنے لگے حبابؔ
پختہ ترا سخن ترے اشعار معتبر