حامد بھساولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یاد ماضی کی دلاؤں گا چلا جاؤں گا (غزل)
یاد ماضی کی دلاؤں گا چلا جاؤں گا
آگ سینے میں لگاؤں گا چلا جاؤں گا
یار دو چار حریفوں کی طرف کیا دیکھوں
سیکڑوں دل میں سماؤں گا چلا جاؤں گا
اب کے آیا ہوں تو آئینہ نما لوگوں کو
سچ کا آئینہ دکھاؤں گا چلا جاؤں گا
تیرے ہونٹوں پہ تبسم کو سجانے کے لئے
دیپ یادوں کے جلاؤں گا چلا جاؤں گا
ہاتھ ہی صرف ملانا مری فطرت میں نہیں
دل بھی لوگوں سے ملاؤں گا چلا جاؤں گا
میری آمد پہ بھلا اتنی قیامت کیوں ہے
داغ سینے کے دکھاؤں گا چلا جاؤں گا
لوگ ہم سے خوشی سے ملتے ہیں (غزل)
لوگ ہم سے خوشی سے ملتے ہیں
آپ کیوں بے دلی سے ملتے ہیں
مرتبے میں کمی تو آئے گی
آپ کیوں ہر کسی سے ملتے ہیں
تم سے مل کے گمان ہوتا ہے
جیسے ہم اجنبی سے ملتے ہیں
ذلتیں جھڑکیاں پریشانی
سارے غم مے کشی سے ملتے ہیں
آپ پر اعتبار ہے ورنہ
ہم کہاں ہر کسی سے ملتے ہیں
روشنی روح میں اترتی ہے
جب خدا کے ولی سے ملتے ہیں