گیانیندر پاٹھک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شہر آکر یہ بات جانی ہے (غزل)
شہر آکر یہ بات جانی ہے
زندگی گاؤں کی سہانی ہے
بوند ہوں اوس کی مگر مجھ سے
کیوں سمندر نے ہار مانی ہے
اک سمندر سے مل کے کھو جانا
ہر ندی کی یہی کہانی ہے
راہ الفت سے تم نہیں ڈگنا
اک یہی امن کی نشانی ہے
درد نے لمس سے کہا یارا
چوٹ دل پر بہت پرانی ہے
یا خدا مجھ کو بخش دے دولت
اک غزل کی کتاب لانی ہے
عشق سیرت سے تم کرو پاٹھکؔ
رنگ فانی ہے روپ فانی ہے
اچھا ہے یا خراب مجھے کچھ پتہ نہیں (غزل)
اچھا ہے یا خراب مجھے کچھ پتہ نہیں
دنیا ترا حساب مجھے کچھ پتہ نہیں
مدت سے نیند آنکھوں میں آئی نہیں مری
کہتے ہیں کس کو خواب مجھے کچھ پتہ نہیں
اس نے کیا سوال تجھے مجھ سے پیار ہے
میں نے دیا جواب مجھے کچھ پتہ نہیں
بھیتر سے میرے کوئی مجھے دے رہا صدا
ہے کون یہ جناب مجھے کچھ پتہ نہیں
آنسو عطا کیے ہیں جو محبوب آپ نے
زمزم ہیں یا شراب مجھے کچھ پتہ نہیں
اتنا پتہ ہے قرض ترا مجھ پے ہے صنم
اس کا مگر حساب مجھے کچھ پتہ نہیں
مجھ کو کبھی بھی دن کے اجالے نہیں ملے
کیسا ہے آفتاب مجھے کچھ پتہ نہیں
ساقی نہ مجھ سے پوچھ مری تشنگی کی حد
تھوڑی سی دے شراب مجھے کچھ پتہ نہیں