گیانندر وکرم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سچ مچ اپنے رانجھے کو ہی گھائل کر کے چھوڑ دیا (غزل)
سچ مچ اپنے رانجھے کو ہی گھائل کر کے چھوڑ دیا
اچھا خاصا لڑکا تو نے پاگل کر کے چھوڑ دیا
رت آئے رت جائے بیرن ہر موسم میں برسی ہیں
تیرے غم نے ان آنکھوں کو بادل کر کے چھوڑ دیا
کوئی ٹک کر کب رہتا ہے دنیا آتی جاتی ہے
تیرے جانے نے تو مجھ کو قائل کر کے چھوڑ دیا
اتنا خالی ہو بیٹھا ہوں سب کی دھن پر بجتا ہوں
یعنی تو نے مجھ کو اپنی پائل کر کے چھوڑ دیا
مالک سب کو دیتا ہے پر میری جھولی خالی ہے
قسمت نے بھی مجھ کو پورا سائل کر کے چھوڑ دیا
سوتے جگتے جو بھی دیکھوں تیرا چہرہ دکھتا ہے
لیلیٰ نے مجنوں کو کتنا بیکل کر کے چھوڑ دیا
فلک نے چاند نے تاروں نے خودکشی کر لی (غزل)
فلک نے چاند نے تاروں نے خودکشی کر لی
تمہارے ہجر کے ماروں نے خودکشی کر لی
میں اپنے خواب سجا کر جہاں جہاں پہنچا
وہاں وہاں کے نظاروں نے خودکشی کر لی
خزاں کا رنگ چڑھا جب میری جوانی پر
میرے چمن کی بہاروں نے خودکشی کر لی
کیا تھا ضبط مگر توڑ کر بہا دریا
تھکے تھکے سے کناروں نے خودکشی کر لی
اداسیوں سے لپٹ کر رہی تمہارے بعد
میرے مکاں کی دیواروں نے خودکشی کر لی