گیان چند منصور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے غم ہجر رات کتنی ہے (غزل)
اے غم ہجر رات کتنی ہے
اور تیری حیات کتنی ہے
سانس پر ہے مدار ہستی کا
کائنات حیات کتنی ہے
اوس کے موتیوں سے یہ پوچھو
آبروئے حیات کتنی ہے
پوچھتا ہوں کسی سے اپنا پتا
بے خبر میری ذات کتنی ہے
کیوں حرم ہی کے ہو رہے واعظ
وسعت کائنات کتنی ہے
دیدۂ برہمن سے دیکھ اے شیخ
عظمت سومنات کتنی ہے
تشنۂ تکمیل ہے وحشت کا افسانہ ابھی (غزل)
تشنۂ تکمیل ہے وحشت کا افسانہ ابھی
واقف سود و زیاں ہے تیرا دیوانہ ابھی
کیوں نہ ہو قربان شمع حسن کے جلووں پہ دل
اپنے جلووں سے ہے ناواقف یہ پروانہ ابھی
گل چراغ دیر ہے خاموش ہے شمع حرم
ساقیا روشن ہے تیرے دم سے مے خانہ ابھی
یا تجلی طور کی ہے خود حجاب اندر حجاب
یا نہیں ذوق نظر اپنا کلیمانہ ابھی
دور ہے منزل مری اک جام اے پیر مغاں
راہ میں آئیں گے کعبہ اور بت خانہ ابھی
داستاں منصورؔ کی بے کیف ہو سکتی نہیں
مدتوں دہرائے گی دنیا یہ افسانہ ابھی
مزید غزلیں از گیان چند منصور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں