گربیر چھبرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مانگتا ہوں خیریت لب پر دعا رکھتا ہوں میں (غزل)
مانگتا ہوں خیریت لب پر دعا رکھتا ہوں میں
جانے کب وہ لوٹ آئے در کھلا رکھتا ہوں میں
جانتا ہوں اس کی ہر ناراضگی کو میں مگر
اپنے حصے کا بھی تو کوئی گلہ رکھتا ہوں میں
وصل ہو یا ہجر اس کے اپنے ہوں گے وسوسے
اس کا جو بھی فیصلہ ہو بس وفا رکھتا ہوں میں
اس کو بھی تو غم بچھڑنے کا یہ ہونا چاہئے
اس لئے اس کی گلی سے سلسلہ رکھتا ہوں میں
جو محبت سچی ہو تو لوٹ کے آ جاتی ہے
آج بھی اس جیب میں اس کا پتا رکھتا ہوں میں
الجھا رہتا ہوں میں اپنے ہی خیالوں میں کہیں
کوئی تو غم ہے جو اندر ہی دبا رکھتا ہوں میں
لاکھ مشکل آئے قاصدؔ چلتا رکھنا کارواں
دور ہے پر آنکھ منزل پر لگا رکھتا ہوں میں
جو کبھی اپنے تھے وہ ہوئے دور ہیں (غزل)
جو کبھی اپنے تھے وہ ہوئے دور ہیں
ہم بھی تھک ہار کے ہو گئے چور ہیں
خوب چرچے ہیں اب اپنے بھی غیروں میں
کل جو بدنام تھے آج مشہور ہیں
اوروں سے کرتے ہیں ہنس کے وہ بات یوں
کس کی آنکھوں کے وہ بن گئے نور ہیں
زندہ دل بن گزاری ہے یہ زندگی
جو ہوا پیار تو کیسے مجبور ہیں
کس کے وعدے پہ ہم نے بھروسہ کیا
وہ جو کہتے جفائیں تو دستور ہیں
موت سچائی ہے اور اسے مان کر
ان کے ہاتھوں ہوئے قتل مشکور ہیں
یہ لڑائی بھی اب خود سے ہے یا خدا
فیصلے تیرے قاصدؔ کو منظور ہیں