گرچرن مہتا رجت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر اینٹ سوچتی ہے کہ دیوار اس سے ہے (غزل)
ہر اینٹ سوچتی ہے کہ دیوار اس سے ہے
ہر سر یہی سمجھتا ہے دستار اس سے ہے
ہے آگ پیٹ کی تبھی چھم چھم ہے رقص میں
پائل سمجھتی ہے کہ یہ جھنکار اس سے ہے
امید ان سے کوئی لگانا ہی ہے فضول
ہر منتری کی سوچ ہے سرکار اس سے ہے
گھر کو بنائیں گھر صدا گھر کے ہی لوگ سب
اور آدمی سمجھتا ہے پریوار اس سے ہے
کرتی ہیں پار کشتی دعائیں ہی اصل میں
مانجھی کا سوچنا ہے کہ پتوار اس سے ہے
انسان کا غرور یہ کہنے لگا ہے اب
سنسار سے نہیں ہے وہ سنسار اس سے ہے
کیسے بنے گی بات محبت کی اے رجتؔ
اظہار اب تلک نہ کیا پیار اس سے ہے
اسی نے پیار بخشا اور اسی نے بندگی بخشی (غزل)
اسی نے پیار بخشا اور اسی نے بندگی بخشی
مرے مالک نے مجھ کو اس جہاں کی ہر خوشی بخشی
ادیبوں سے بھری محفل میں آنا تھا کہاں ممکن
اسی نے شعر لکھوائے اسی نے شاعری بخشی
میں ساگر تھا مجھے خارا نہیں رہنے دیا اس نے
کہ لہراتی سی بل کھاتی محبت کی ندی بخشی
اندھیروں کے گھنے سایوں کا قبضہ تھا تبھی رب نے
رہائی ان سے دلوائی بشر کو روشنی بخشی
خوشی اور غم میں کیا ہے فرق یہ محسوس کرنے کو
سبھی کو دل دیا اک اور آنکھوں کو نمی بخشی
تری کاری گری کے سب ہیں دیوانے مرے مولیٰ
ستارے عرش کو بخشے زمیں کو زندگی بخشی
رجتؔ کی زیست گزرے گی محبت کے بنا کیسے
یہی سوچا تبھی تو رب نے اس کو دوستی بخشی