پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلزار وفا چودھری کی غزلیں — Gulzar Vafa Chaudhari Ghazals

گلزار وفا چودھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منتشر ہو کر رہے یہ ایسا شیرازہ نہ تھا (غزل)

منتشر ہو کر رہے یہ ایسا شیرازہ نہ تھا

خاک ہو جانا مرے ہونے کا خمیازہ نہ تھا

میں بطون ذات میں اور تو خلا میں گم رہا

خاک کے جوہر کا ہم دونوں کو اندازہ نہ تھا

آب پاشی سے رہے غافل شجرکاری کے بعد

اب جو دیکھا ایک پودا بھی تر و تازہ نہ تھا

ہم میں جو آزاد تھا آزاد تر ہو کر رہا

اب وہی بے گھر ہے جس کے گھر کا دروازہ نہ تھا

جبر کے احساس کی آواز تو پہلے بھی تھی

انقلاب قسمت آدم کا آوازہ نہ تھا

تیز ہواؤ اب ڈرنا گھبرانا کیسا (غزل)

تیز ہواؤ اب ڈرنا گھبرانا کیسا

چلنا ہی ٹھہرا تو شور مچانا کیسا

آنگن آنگن میں ویرانی ناچ رہی ہے

ساز اٹھانا کیسا نغمہ گانا کیسا

شام ڈھلے سے آسیبوں کا ڈنکا باجے

پورن ماشی میں بھی باہر آنا کیسا

اے سیاحو یہ تو دلدل کی وادی ہے

اس میں اترے ہو تو جان بچانا کیسا

سارے موسم ایک تسلسل میں شامل ہیں

تیرا آنا کیسا تیرا جانا کیسا

ان کی خاطر ہم کو سورج ہنسنا ہوگا

یخ شہروں کو آہوں سے پگھلانا کیسا

مزید غزلیں از گلزار وفا چودھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں