پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلزار دہلوی کی غزلیں — Gulzar Dehlvi Ghazals

گلزار دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر جو بے خودی میں گزری ہے (غزل)

عمر جو بے خودی میں گزری ہے

بس وہی آگہی میں گزری ہے

کوئی موج نسیم سے پوچھے

کیسی آوارگی میں گزری ہے

ان کی بھی رہ سکی نہ دارائی

جن کی اسکندری میں گزری ہے

آسرا ان کی رہبری ٹھہری

جن کی خود رہزنی میں گزری ہے

آس کے جگنوؤ سدا کس کی

زندگی روشنی میں گزری ہے

ہم نشینی پہ فخر کر ناداں

صحبت آدمی میں گزری ہے

یوں تو شاعر بہت سے گزرے ہیں

اپنی بھی شاعری میں گزری ہے

میر کے بعد غالب و اقبال

اک صدا اک صدی میں گزری ہے

اس ستم گر کی مہربانی سے (غزل)

اس ستم گر کی مہربانی سے

دل الجھتا ہے زندگانی سے

خاک سے کتنی صورتیں ابھریں

دھل گئے نقش کتنے پانی سے

ہم سے پوچھو تو ظلم بہتر ہے

ان حسینوں کی مہربانی سے

اور بھی کیا قیامت آئے گی

پوچھنا ہے تری جوانی سے

دل سلگتا ہے اشک بہتے ہیں

آگ بجھتی نہیں ہے پانی سے

حسرت عمر جاوداں لے کر

جا رہے ہیں سرائے فانی سے

ہائے کیا دور زندگی گزرا

واقعے ہو گئے کہانی سے

کتنی خوش فہمیوں کے بت توڑے

تو نے گل زار خوش بیانی سے

دلی کہ اس جہاں میں عظیم و قدیم ہے (نظم)

دلی کہ اس جہاں میں عظیم و قدیم ہے

علم و فن و ہنر کی سدا سے نعیم ہے

اللہ اس کی عظمت دیں کا علیم ہے

تفسیر دل حدیث خودی کا فہیم ہے

گیتا پران کے بھی فسانے میں ذکر ہے

تاریخ سے بھی قبل زمانے میں ذکر ہے

دلی کا پانڈوؤں کے ترانے میں ذکر ہے

اندر پرستھ تک کے سجانے میں ذکر ہے

دلی سدا سے مرکز بزم شہاں رہی

سمراٹ چکرورتی و شاہ جہاں رہی

پیرانہ سال ہو کے بھی ہر دم جواں رہی

پچیس بار لٹ کے بھی یہ کہکشاں رہی

منگول' شک کشان دراوڑ کہ ہون ہوں

وہ آریہ عرب ہوں کہ اہل فنون ہوں

ویدک ہوں بودھ جین کہ اہل جنون ہوں

قوم عرب کے ہوں کہ مسلماں کے خون ہوں

دنیا کی کتنی نسلوں نے اس کو سجایا ہے

ہر دھرم دین ذات نے اس کو بسایا ہے

سارے جہاں میں عشق کا مرکز رہی سدا

سارے جہاں میں ڈنکا اسی شہر کا بجا

بربادیوں سے آج بچاؤ اسے رفیق

گلزارؔ ہند پھر سے بناؤ اسے رفیق

مزید غزلیں از گلزار دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں