گلزار بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آئنے کا منہ بھی حیرت سے کھلا رہ جائے گا (غزل)
آئنے کا منہ بھی حیرت سے کھلا رہ جائے گا
جو بھی دیکھے گا تجھے وہ دیکھتا رہ جائے گا
ہم نے سب کچھ تج دیا تیری رفاقت کے لیے
تجھ سے بچھڑے تو ہمارے پاس کیا رہ جائے گا
مل سکیں گے کس طرح خوابوں میں ہم جب ہجر سے
نیند ہو جائے گی رخصت رتجگا رہ جائے گا
ہم اگر تیری رضا حاصل نہیں کر پائیں گے
عمر بھر ہم سے ہمارا دل خفا رہ جائے گا
جانے والوں کی کمی پوری کبھی ہوتی نہیں
آنے والے آئیں گے پھر بھی خلا رہ جائے گا
مرتعش آواز کی لہریں رہیں گی دیر تک
ساز چپ ہو جائیں گے سیل صدا رہ جائے گا
ہیرؔ کو گلزارؔ لے جائیں گے کھیڑے ایک دن
بانسری پر تو دھنیں ہی چھیڑتا رہ جائے گا
دیے سے یوں دیا جلتا رہے گا (غزل)
دیے سے یوں دیا جلتا رہے گا
اجالا پھولتا پھلتا رہے گا
نہیں ہے بانجھ آوازوں کی دھرتی
صداؤں کا نسب چلتا رہے گا
سکوں ہو بحر میں یا ہو تلاطم
گہر تو سیپ میں پلتا رہے گا
زمیں پر بارشیں ہوتی رہیں گی
سمندر ابر میں ڈھلتا رہے گا
نہ باز آئے گا غفلت سے بھی انساں
کف افسوس بھی ملتا رہے گا
چھپاؤ گے اگر گلزارؔ خود کو
وجود اپنا تمہیں کھلتا رہے گا