پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلشن مدان کی غزلیں — Gulshan Madaan Ghazals

گلشن مدان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ماضی کی ہر یاد سہانی ساتھ رہی (غزل)

ماضی کی ہر یاد سہانی ساتھ رہی

بن کے میری آنکھ کا پانی ساتھ رہی

صحرا سوکھا بنجر پت جھڑ سب دیکھا

ایک زمانے تک ویرانی ساتھ رہی

شہر نیا تھا لوگ نئے تھے بات نئی

پھر بھی کوئی یاد پرانی ساتھ رہی

ساتھ کئی افسانے تھے جب ساتھ رہے

بچھڑے تو بس ایک کہانی ساتھ رہی

الفت کے میلے سے جو میں لایا تھا

غم کی وہ انمول نشانی ساتھ رہی

میں تو اس کو بھول ہی جاتا پر گلشنؔ

یاد نے میری ایک نہ مانی ساتھ رہی

ہم کو سچ کہنے کی قیمت مل گئی (غزل)

ہم کو سچ کہنے کی قیمت مل گئی

کچھ نہ کہنے کی نصیحت مل گئی

مدتوں کے بعد آیا خط ترا

یوں لگا جیسے ریاست مل گئی

مل گیا ایمانداری کا ہنر

بس بزرگوں کی وراثت مل گئی

وہ سکندر بھی تو خالی ہی گیا

کیا ہوا جو تم کو دولت مل گئی

آپ مجھ سے راہ میں کیا مل گئے

شہر بھر کو اک شرارت مل گئی

اور کیا جینے کو گلشنؔ چاہیئے

تھوڑا غم تھوڑی محبت مل گئی

مزید غزلیں از گلشن مدان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں