گلشن کھنہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہرے شجر نہ سہی خشک گھاس رہنے دو (غزل)
ہرے شجر نہ سہی خشک گھاس رہنے دو
زمیں کے جسم پہ کوئی لباس رہنے دو
میں زندگی کی کڑی دھوپ میں اکیلا ہوں
فریب ابر مرے آس پاس رہنے دو
اذیتیں ہی محبت کی روح ہوتی ہیں
مرے وجود میں اتنی سی آس رہنے دو
کوئی کرن مری امید کی نہیں باقی
مرے خیالوں میں تصویر یاس رہنے دو
ہماری پیاس کبھی تو کوئی بجھائے گا
لرزتے ہاتھوں میں خالی گلاس رہنے دو
میں ایک گلشن بے رنگ ہوں خدا کے لیے
مری فضا میں امیدوں کی باس رہنے دو
یارب یہ کیسا آج کا انسان ہو گیا (غزل)
یارب یہ کیسا آج کا انسان ہو گیا
تخلیق کر کے تو بھی پشیمان ہو گیا
موسم بہار کا تھا خزاں جلد آ گئی
ہنستا ہوا چمن مرا ویران ہو گیا
لوٹا ہے جس نے شہر کے صبر و قرار کو
وہ شخص میرے شہر کا پردھان ہو گیا
ایسے نئے چلن کی چلیں آندھیاں یہاں
انسان اپنی ذات میں حیوان ہو گیا
چاہا تھا میں نے دل سے کبھی تجھ کو ٹوٹ کر
وہ حادثہ حیات کا عنوان ہو گیا
تھیں زندگی کی راہ میں دشواریاں بہت
مرنا کسی کے عشق میں آسان ہو گیا
اتنا حسین ہے مرے گلشنؔ کا بانکپن
ہر گل مری نگاہ میں ذیشان ہو گیا