پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلشن بیابانی کی غزلیں — Gulshan Bayabani Ghazals

گلشن بیابانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں جب شعلۂ احساس مچل جاتا ہے (غزل)

دل میں جب شعلۂ احساس مچل جاتا ہے

موم کی طرح سے پتھر بھی پگھل جاتا ہے

کیسے کہہ دوں کہ یہ سورج ہے اجالوں کا امیں

شام ہوتے ہی اندھیروں میں جو ڈھل جاتا ہے

چند قطروں کی مرے دوست حقیقت کیا ہے

ظرف والا تو سمندر بھی نگل جاتا ہے

کیا ضروری ہے کہ شعلوں کو ہوا دی جائے

جس کو جلنا ہے وہ پھولوں سے بھی جل جاتا ہے

یہ سیاست کا ہے بازار یہاں پر یارو

کھوٹا سکہ بھی کھرے داموں میں چل جاتا ہے

وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں چہرے گلشنؔ

لوگ کہتے ہیں کہ آئینہ بدل جاتا ہے

محبت کا وعدہ نبھایا ہے میں نے (غزل)

محبت کا وعدہ نبھایا ہے میں نے

زمانے کو نیچا دکھایا ہے میں نے

کہیں وقت اس کو نہ مسمار کر دے

محل آرزو کا بنایا ہے میں نے

وہ مجھ سے بھی آگے بڑھا جا رہا ہے

جسے پاؤں چلنا سکھایا ہے میں نے

زمانہ پہ چھایا ہوا تھا اندھیرا

اندھیرے میں دیپک جلایا ہے میں نے

مصیبت میں تم کیا مرا ساتھ دو گے

تمہیں بارہا آزمایا ہے میں نے

سفینہ اسی نے ڈبویا ہے میرا

جسے ڈوبنے سے بچایا ہے میں نے

بہار سخن مجھ سے منسوب کر دو

بیاباں کو گلشنؔ بنایا ہے میں نے

مزید غزلیں از گلشن بیابانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں