گلفام نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نیندوں سے میرے خواب چرا کر چلا گیا (غزل)
نیندوں سے میرے خواب چرا کر چلا گیا
آیا مری حیات میں آ کر چلا گیا
ہموار جس کے راستے کرتی رہی سدا
کانٹے وہ میری رہ میں بچھا کر چلا گیا
پلکوں پہ جس کو میں نے بٹھایا تھا عمر بھر
خود کو مری نظر میں گرا کر چلا گیا
کہتا تھا تیرے لب پہ سجاؤں گا قہقہے
اک دن وہ شخص مجھ کو رلا کر چلا گیا
جب موسم وصال کی مجھ کو طلب ہوئی
ہاتھوں سے میرے ہاتھ چھڑا کر چلا گیا
اے سر پھری ہوا میں بھلا تجھ سے کیا کہوں
آنچل کو تیرا جھونکا اڑا کر چلا گیا
گلفامؔ میں نے جس کو تراشا تھا عمر بھر
وہ شخص میری ہستی مٹا کر چلا گیا
ترک الفت ہے تو پھر یہ بھی سکھاتے جاؤ (غزل)
ترک الفت ہے تو پھر یہ بھی سکھاتے جاؤ
کس طرح ہجر میں جیتے ہیں بتاتے جاؤ
لوٹ آنے کا ارادہ جو نہیں ہے تو پھر
دل سے ہر نقش محبت کا مٹاتے جاؤ
چاہے دیکھے نہ پلٹ کر تمہیں جانے والا
تم اسے تکتے رہو ہاتھ ہلاتے جاؤ
شب کی وحشت میں وہ چمکیں تو تمہیں یاد کروں
کچھ ستارے مرے آنچل پہ سجاتے جاؤ
نام جو مل کے درختوں پہ لکھے تھے ہم نے
وہ نشانی بھی کسی طور مٹاتے جاؤ
شدت ہجر سے ہے تنگ بہت دل کی زمیں
وصل کا آخری اک جام پلاتے جاؤ
اب تو کرنے کو یہی کام بچا ہے گلفامؔ
سسکیاں بھرتے رہو اشک بہاتے جاؤ