پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلنار آفرین کی غزلیں — Gulnar Aafreen Ghazals

گلنار آفرین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شام الم بھی گزری پہلو بدل بدل کر (غزل)

شام الم بھی گزری پہلو بدل بدل کر

روتا رہا ہے یہ دل پہروں مچل مچل کر

منزل کی جستجو میں پہنچے کہاں کہاں ہم

دیکھا کیے تماشہ رستے بدل بدل کر

شہر وفا میں ہم نے سب کچھ لٹا دیا ہے

یہ بات ان سے کہنا لوگو سنبھل سنبھل کر

کیا ضد کریں گے تجھ سے اے گردش زمانہ

ہنسنا بھی آ گیا ہے غم سے بہل بہل کر

گلنارؔ ضبط غم کی یہ انتہا بھی دیکھی

دامن بھگو رہے ہیں آنسو نکل نکل کر

شاید ابھی کمی سی مسیحائیوں میں ہے (غزل)

شاید ابھی کمی سی مسیحائیوں میں ہے

جو درد ہے وہ روح کی گہرائیوں میں ہے

جس کو کبھی خیال کا پیکر نہ مل سکا

وہ عکس میرے ذہن کی رعنائیوں میں ہے

کل تک تو زندگی تھی تماشا بنی ہوئی

اور آج زندگی بھی تماشائیوں میں ہے

ہے کس لیے یہ وسعت دامان التفات

دل کا سکون تو انہی تنہائیوں میں ہے

یہ دشت آرزو ہے یہاں ایک ایک دل

تجھ کو خبر بھی ہے ترے سودائیوں میں ہے

تنہا نہیں ہے اے شب گریاں دئیے کی لو

یادوں کی ایک شام بھی پرچھائیوں میں ہے

گلنارؔ مصلحت کی زباں میں نہ بات کر

وہ زہر پی کے دیکھ جو سچائیوں میں ہے

رقص کرتی ہوئی (نظم)

رقص کرتی ہوئی

گنگناتی ہوئی

مسکراتی ہوئی

زندگی کیا ہوئی

جگمگاتے ہوئے شہر کو کیا ہوا

روشنی کیا ہوئی

پھول جیسے بدن

رنگ و بو کے چمن

پیار کے ساحلوں کی فضا

پھول کی ڈالیوں سے

لپٹتی ہوا

چشم احساس کے سامنے

دور تک آج کچھ بھی نہیں

عہد و پیماں

کے رشتوں کو کس کی نظر کھا گئی

دوستی کیا ہوئی

کتنے گل رنگ پیکر

ملے خاک میں

کتنے کڑیل جواں

اپنے سینوں پہ

زخموں کے تمغے سجائے

شہادت کے

درجے پہ فائز ہوئے

ہر طرف ہے دھواں

شور‌ آہ و فغاں

وحشت بے اماں

دشت و در

ہیں سوالی

بتائے کوئی

مسکراتی ہوئی زندگی کیا ہوئی

مزید غزلیں از گلنار آفرین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں