غلام اللہ افسوں بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں بھی ہم معرکۂ عمر رواں سے گزرے (غزل)
یوں بھی ہم معرکۂ عمر رواں سے گزرے
اک جہاں زیر کیا ایک جہاں سے گزرے
اب ترے درد کو ہر طرح کی آزادی ہے
یا مرے دل میں رہے یا رگ جاں سے گزرے
حیف صد حیف کہ اک دل میں جگہ کو ترسے
وہ نظر انجمن کون و مکاں سے گزرے
ہم سے بڑھ کر کوئی شایان چمن کیا ہوگا
ہم بہاروں میں رہے دور خزاں سے گزرے
غم کے طوفاں سے گزرنا بھی ہے آساں افسوںؔ
دل اگر کشمکش سود و زیاں سے گزرے
راحت زیست کے سامان کہاں ملتے ہیں (غزل)
راحت زیست کے سامان کہاں ملتے ہیں
آدمی ملتے ہیں انسان کہاں ملتے ہیں
زندگی شوق مسلسل میں ڈھلی جاتی ہے
میرے خوابوں کے پرستان کہاں ملتے ہیں
آؤ سیلاب و حوادث سے گزرنا سیکھو
لوگ پروردۂ طوفان کہاں ملتے ہیں
جو مرے کفر محبت کو گوارا کر لیں
اس قدر صاحب ایمان کہاں ملتے ہیں
ہم کو تکمیل امارت میں غنیمت جانو
ہم سے مجبور و پریشان کہاں ملتے ہیں
صاحبو شمع ضمیروں کی بجھا کر آؤ
یوں وزارت کے قلمدان کہاں ملتے ہیں
غم گساروں کی روایات وفا میں افسوںؔ
دل کی تسکین کے سامان کہاں ملتے ہیں