غلام یحییٰ حضورعظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آبرو الفت میں اگر چاہئے (غزل)
آبرو الفت میں اگر چاہئے
رکھنی سدا چشم کو تر چاہئے
دل تو تجھے دے ہی چکے جان بھی
لیجئے حاضر ہے اگر چاہئے
یار ملے یا نہ ملے صبح و شام
کوچۂ جاناں میں گزر چاہئے
نام بھی نم کا نہ رہا چشم میں
اب تو گرے لخت جگر چاہئے
تیر نگہ وہ ہے کہ جس تیر کے
سامنے ہونے کو جگر چاہئے
اب کی بچے جی تو کسو کے تئیں
پھر نہ کہیں بار دگر چاہئے
دل بھی جواہر ہے ولیکن حضور
اس کے پرکھنے کو نظر چاہئے
اشک آنکھوں کے اندر نہ رہا ہے نہ رہے گا (غزل)
اشک آنکھوں کے اندر نہ رہا ہے نہ رہے گا
یہ طفل ہے ابتر نہ رہا ہے نہ رہے گا
منعم نہ ہو مغرور سدا پاس کسو کے
سیم و زر و گوہر نہ رہا ہے نہ رہے گا
گر عیش میسر ہو تو کر لیجے کم و بیش
سب وقت برابر نہ رہا ہے نہ رہے گا
آنکھوں سے اسی طرح اگر سیل رواں ہے
دنیا میں کوئی گھر نہ رہا ہے نہ رہے گا
جب دختر رز لے کے حضورؔ آ گیا ساقی
پھر زہد برادر نہ رہا ہے نہ رہے گا