پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام نبی حکیم کی غزلیں — Gulam Nabi Hakeem Ghazals

غلام نبی حکیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی عشق و محبت سے جواں ہوتی ہے (غزل)

زندگی عشق و محبت سے جواں ہوتی ہے

ورنہ بے کیف سی بے تاب و تواں ہوتی ہے

عشق کی لو سے جو روشن رگ جاں ہوتی ہے

شمع بن جاتی ہے بے عشق دھواں ہوتی ہے

کون ہم جیسوں کو اس مے کا پتہ دیتا ہے

پہلے کچھ لوگ بتاتے تھے کہ ہاں ہوتی ہے

ہاؤ ہو شور جو ہم سنتے ہیں مے خانے میں

مے گساروں کے لئے بانگ اذاں ہوتی ہے

اک نہ اک ناصح مشفق بھی ٹپک پڑتا ہے

مے گساری کی کوئی بات جہاں ہوتی ہے

اے حکیمؔ آؤ وہ مے خانہ کھلا رہتا ہے

اصل مے ساقیٔ کوثر کے وہاں ہوتی ہے

جہان رنگ و بو کتنا حسیں ہے (غزل)

جہان رنگ و بو کتنا حسیں ہے

یہ گلشن رشک فردوس بریں ہے

مرا حسن نظر حسن آفریں ہے

کہ ہر ذرہ جہاں کا مہ جبیں ہے

تری ہستی سے قائم ہے یہ ہستی

یہ ہستی خود کوئی ہستی نہیں ہے

ترا در چھوڑ کر جائیں کہاں ہم

کہ یہ امن و اماں کی سر زمیں ہے

فساد انگیزئ آب و ہوا سے

مزاج خاک یاں اب آتشیں ہے

حکیمؔ اس سے خدا محفوظ رکھے

یہ سرکش نفس مار آستیں ہے

مزید غزلیں از غلام نبی حکیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں