پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام رسول اشرف کی غزلیں — Gulam Rasool Ashraf Ghazals

غلام رسول اشرف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھو جائے گا وجود بکھر کر فضاؤں میں (غزل)

کھو جائے گا وجود بکھر کر فضاؤں میں

کب تک اڑے گا زخمی پرندہ ہواؤں میں

شہروں کی بھیڑ نے تو بصارت ہی چھین لی

تصویر اپنی دیکھیں گے چل کر گپھاؤں میں

فکروں کے دائروں سے نکلنا محال ہے

جاؤ بساؤ شوق سے دنیا خلاؤں میں

ایسی گھٹن تو پہلے کبھی بھی نہ تھی یہاں

یہ کس نے زہر گھول دیا ہے ہواؤں میں

کوئی تو ہو سفر کی جو ترغیب دے مجھے

بیٹھا ہوا ہوں دیر سے برگد کی چھاؤں میں

سر پر ہے سائبان نہ تن پر لباس ہے (غزل)

سر پر ہے سائبان نہ تن پر لباس ہے

اک سکۂ خلوص ہی لے دے کے پاس ہے

جائیں بھی اپنے زخم لیے کس کے پاس ہم

مرہم منافقت کا یاں سب کے پاس ہے

نفرت کی آگ پھیلنے پائے نہ دوستو

بارود ہے کہیں تو کہیں پر کپاس ہے

دیدہ وری کے زعم میں سب محو خواب ہیں

شاید یہی سبب ہے کہ نرگس اداس ہے

آتا نہیں یقین کہ تم اس صدی میں ہو

اشرفؔ تمہارے لہجے میں اب تک مٹھاس ہے

مزید غزلیں از غلام رسول اشرف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں