پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گل فراز کی غزلیں — Gul Faraz Ghazals

گل فراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمدردی کی ذرا بھی ضرورت نہیں مجھے (غزل)

ہمدردی کی ذرا بھی ضرورت نہیں مجھے

احساں کوئی اٹھانے کی عادت نہیں مجھے

ہاں لالچی ہوں اور زیادہ کی ہے ہوس

اتنے قلیل پر تو قناعت نہیں مجھے

درکار تھی جو چیز وہ نا پید ہو چکی

وافر وہی ہے جس کی ضرورت نہیں مجھے

سب کچھ بگاڑ کے ہی نہ رکھ دوں کسے خبر

اس کام میں ذرا بھی مہارت نہیں مجھے

وہ بات بس عمومی رویوں کے بارے تھی

تم سے وگرنہ کوئی شکایت نہیں مجھے

تم ہوتے ہو تو لگتا ہے سب کچھ بھرا بھرا

جیسے کسی بھی چیز کی قلت نہیں مجھے

اک رائے مع دلیل یہاں پیش کرنی ہے

مقصود ورنہ اپنی وکالت نہیں مجھے

آرام ہی میں اتنا میں مشغول ہوں کہ اب

ایسے فضول کاموں کی فرصت نہیں مجھے

اندر تو خیر دور کہ فی الحال ادھر کہیں

باہر بھی بیٹھنے کی اجازت نہیں مجھے

ہر کام کرتا ہوں بڑے آرام سے میں گلؔ

اور اس معاملے میں تو عجلت نہیں مجھے

سب سے الگ ہوں لیکن اکیلا نہیں بنا (غزل)

سب سے الگ ہوں لیکن اکیلا نہیں بنا

اوروں سا ہو کے بھی کسی جیسا نہیں بنا

دنیا بھی وہ نہیں بنی جو ہونی چاہیے

سو کیا ہوا اگر وہ ہمارا نہیں بنا

سب فائدہ اٹھانے کے چکر میں ہوتے ہیں

میں جان بوجھ کر بہت اچھا نہیں بنا

وہ بن گیا جو بننا نہیں چاہتا تھا میں

خواہش تھی جیسا بننے کی ویسا نہیں بنا

میں چاہنے میں کوئی کسر چھوڑتا نہیں

میں درمیاں میں چھوڑنے والا نہیں بنا

میں توڑتا بناتا ہی رہتا ہوں کچھ نہ کچھ

ہر بار ایسا لگتا ہے عمدہ نہیں بنا

ٹوٹے ہوئے کو جوڑ لیا ہے کسی طرح

اس جیسا تو مگر یہ دوبارہ نہیں بنا

اس کو بھی میری اتنی ضرورت نہیں پڑی

کچھ میں بھی اس کا اتنا زیادہ نہیں بنا

مزید غزلیں از گل فراز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں