گل افشاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غلط فہمی ہے تم کو ہم تمہارے تو نہیں ہیں (غزل)
غلط فہمی ہے تم کو ہم تمہارے تو نہیں ہیں
ہماری آنکھ میں ایسے اشارے تو نہیں ہیں
ہمارے ہو تو پھر آؤ ہمارا ساتھ بھی دو
مسائل زندگی کے سب ہمارے تو نہیں ہیں
اداسی کو اداسی کیوں نہیں تسلیم کرتے
مری پلکوں پہ آنسو ہیں ستارے تو نہیں ہیں
میں باہر خواب سے آ بھی گئی تو کیا کروں گی
مری دنیا میں کچھ اچھے نظارے تو نہیں ہیں
محاذ آرائی جاری ہے ابھی سو لڑ رہے ہیں
ابھی ہم لڑ رہے ہیں جنگ ہارے تو نہیں ہیں
مگر یہ کیسے عالم آ رہے ہیں یاد مجھ کو
کہ ایسے روز و شب میں نے گزارے تو نہیں ہیں
پری کہتے ہو مجھ کو اور کبھی تم حور صاحب
ہمارے خال و خد کچھ اتنے پیارے تو نہیں ہیں
رنج میں راحت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو (غزل)
رنج میں راحت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
جاناں حسرت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
اب تک مجھ پتھر کو تراشا کب ہے تم نے
کوئی مورت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
غصے میں بھی ہم کو چپ رہنا پڑتا ہے
جان مروت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
دھیان رہے کہ ہم کو تمہاری عادت بھی ہے
لیکن عادت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
سات جنم کو بیچو پھر بھی کم پڑ جائے
دل کی قیمت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
تم کیا جانو نفرت کے پیمانے کیا ہیں
اور محبت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو
چہرہ لال شرابی آنکھیں ہو جاتی ہیں
پیار کی رنگت کیا ہوتی ہے تم کیا جانو