پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گہر خیرآبادی کی غزلیں — Guhar Khairabadi Ghazals

گہر خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اک مسافر تنہا مرا سفر تنہا (غزل)

میں اک مسافر تنہا مرا سفر تنہا

دیار غیر میں پھرتا ہوں در بدر تنہا

مرے خلاف تمام آندھیاں زمانے کی

میں اک چراغ صداقت کی راہ پر تنہا

ہے ایک بھیڑ مگر کوئی بھی رفیق نہیں

میں سوچتا ہوں کہ میں بھی ہوں کس قدر تنہا

نہ مٹے مٹ سکیں تنہائیاں مقدر کی

کہ رہ کے باغ میں بھی ہے شجر شجر تنہا

ترے بھی سینے میں اپنوں کا درد جاگے گا

دیار غیر میں کوئی تو شام کر تنہا

کوئی تو بڑھ کے یہ کہتا کہ رہروان وطن

ہے کاروان محبت کا راہبر تنہا

چمن میں گونجے صدا بھی تو کس طرح گونجے

پرندہ شاخ پہ بولا تو ہے مگر تنہا

بڑے مہیب نظر آئے حال و مستقبل

جب اپنے ماضی کو سوچا ہے بیٹھ کر تنہا

نگاہ پختہ ہے جس کی وہی خریدے گا

ہے سنگ ریزوں کے بازار میں گہرؔ تنہا

طوفان سمندر کے نہ دریا کے بھنور دیکھ (غزل)

طوفان سمندر کے نہ دریا کے بھنور دیکھ

ساحل کی تمنا ہے تو موجوں کا سفر دیکھ

خوشیوں کا خزینہ تہہ دامان الم ہے

گزرے شب تاریک تو پھر نور سحر دیکھ

اڑ جانا فلک تک کوئی مشکل نہیں لیکن

سورج کے تمازت سے جھلس جائیں نہ پر دیکھ

معراج ہے معراج ترے ذوق نظر کی

ہر منظر دل کش یہی کہتا ہے ادھر دیکھ

چشمے ہیں نہ دریا نہ سمندر ہے نہ جھیلیں

ہے پیاس کہ عالم ہیں سرابوں کا سفر دیکھ

ٹکرائیں تو صحراؤں میں بھی آگ لگا دیں

پوشیدہ رگ سنگ میں ہیں کتنے شرر دیکھ

تو نے تو مری سمت سے منہ موڑ لیا ہے

اب ہوتی ہے کس طرح مری عمر بسر دیکھ

تو اپنی حفاظت کی دعا مانگ چکا ہے

اب بیٹھ کے خلوت میں دعاؤں کا اثر دیکھ

اس کار گہہ دہر میں اے رحمت عالم

اک میں ہی نہیں سب ہیں ترے دست نگر دیکھ

کیا تہ میں سمندر کی گہرؔ ڈھونڈ رہا ہے

میری صدف چشم میں اشکوں کے گہرؔ دیکھ

مزید غزلیں از گہر خیرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں