گووند گلشن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منتظر آنکھیں ہیں میری شام سے (غزل)
منتظر آنکھیں ہیں میری شام سے
شمع روشن ہے تمہارے نام سے
چھین لیتا ہے سکوں شہرت کا شوق
اس لیے ہم رہ گئے گمنام سے
سچ کی خاطر جان جاتی ہے تو جائے
ہم نہیں ڈرتے کسی انجام سے
اپنے من کی بات اب کس سے کہوں
آئنہ ناراض ہے کل شام سے
کیا عجب دنیا ہے یہ دنیا یہاں
لوگ ملتے ہیں مگر بس کام سے
ایسا کچھ ہو جائے دل ٹوٹے نہیں
سوچیے گا آپ بھی آرام سے
مجھ سے پوچھو آنسوؤں کی برکتیں
مطمئن ہوں رنج و غم آلام سے
شخصیت اس نے چمک دار بنا رکھی ہے (غزل)
شخصیت اس نے چمک دار بنا رکھی ہے
ذہنیت کیا کہیں بیمار بنا رکھی ہے
اس قدر بھیڑ کہ دشوار ہے چلنا سب کا
اور اک وہ ہے کہ رفتار بنا رکھی ہے
ایک مشکل ہو تو آسان بنا لی جاے
اس نے تو زندگی دشوار بنا رکھی ہے
پاس آ جاتا ہے میں دور چلا جاؤں تو
اس نے دوری بھی لگاتار بنا رکھی ہے
ذہن اور دل میں جو ان بن ہے وہ ان بن نہ رہے
اس لیے درمیاں دیوار بنا رکھی ہے
شخص کیسا ہے وہ کیا ہے نہیں معلوم ہمیں
شہر میں اس نے مگر دھار بنا رکھی ہے