پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گورو کمار کی غزلیں — Gourav Kumar Ghazals

گورو کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک ہنسی رخ پر سجا لیتے ہیں ہم (غزل)

اک ہنسی رخ پر سجا لیتے ہیں ہم

درد کا پورا مزہ لیتے ہیں ہم

جب سنبھلنے کا ہمیں خطرا دکھے

احتیاطاً لڑکھڑا لیتے ہیں ہم

وینٹیلیٹر پر پڑے بے جان سے

کتنی امیدیں لگا لیتے ہیں ہم

ہائے ان نازک لبوں کا پوچھنا

اک غزل لکھنے کا کیا لیتے ہیں ہم

تو ہمیں کچھ سال پہلے دیکھتا

آج کل تو مسکرا لیتے ہیں ہم

دل نہ جانے کب میسر ہو ہمیں

کام دنیا سے چلا لیتے ہیں ہم

سب کو حیراں کر جاؤں گا (غزل)

سب کو حیراں کر جاؤں گا

وقت سے پہلے مر جاؤں گا

پنچھی فلک کو نکل گئے ہیں

اور میں پھر دفتر جاؤں گا

دریاؤں کا دعویٰ کب ہے

دو آنکھیں تو بھر جاؤں گا

اگلی بار میں اس سے ملنے

خود کو بھی لے کر جاؤں گا

خوب ہنسوں گا اوپر اوپر

اندر اندر ڈر جاؤں گا

اک دن چھٹی مل جائے گی

اک دن میں بھی گھر جاؤں گا

آپ کو زحمت کچھ نئیں ہوگی

میں چپ چاپ بکھر جاؤں گا

مزید غزلیں از گورو کمار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں