گور بچن سنگھ دیال مغموم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھر مجھے جینے کی دعا دی ہے (غزل)
پھر مجھے جینے کی دعا دی ہے
یعنی پھر اک حسیں سزا دی ہے
ظلم سہہ کر بھی ہم نے ظالم کے
ہاتھ چومے ہیں اور دعا دی ہے
کیوں گلہ ہو کہ ہم کو قدرت نے
یہ کسی جرم کی سزا دی ہے
شکریہ تو نے ایک ٹھوکر سے
روح خوابیدہ اک جگا دی ہے
حسن کو کیا خبر کہ خود اس نے
شعلۂ عشق کو ہوا دی ہے
موسم گل نے آ کے گلشن میں
جانے کیا آگ سی لگا دی ہے
ہم نے داغوں کے نور سے مغمومؔ
رونق بزم دل بڑھا دی ہے
گلا کیا کروں اے فلک بتا مرے حق میں جب یہ جہاں نہیں (غزل)
گلا کیا کروں اے فلک بتا مرے حق میں جب یہ جہاں نہیں
کہوں کیسے حال دل ان سے میں مری ہلتی تک یہ زباں نہیں
یہ بھنور ہیں بہر حیات کے میں ہوں خستہ حال و شکستہ دل
مری ڈگمگاتی ہے ناؤ اب کہیں ملتا مجھ کو کراں نہیں
تجھے ڈھونڈوں بھی تو کہاں کہ جب ہوں میں خود ہی ظلمت یاس میں
مجھے بزم ہستی میں مل سکا تیرے نقش پا کا نشاں نہیں
غم دل ہی میرا نکال دو مری زندگی سے جو تم اگر
تو وہ داستاں ہی کچھ اور ہے مرے حال دل کا بیاں نہیں
میں سناؤں کس کو یہ حال دل میں دکھاؤں کس کو یہ درد و غم
میں ہوں ایسی حالت زار میں کہ خود اپنا مجھ کو گماں نہیں
نہیں گیت بادہ و جام کے یہاں اور ہی کوئی بات ہے
کہ میں جس بلا میں ہوں مبتلا وہ بلائے عشق بتاں نہیں
تو ہے ذرہ ذرہ میں ضو فشاں نہیں ملتا پھر بھی کہیں نشاں
کوئی شغلؔ اب یہ بتائے کیا تو کہاں ہے اور کہاں نہیں